بی جے پی کی سرپرستی میں رشوت خوری عروج پر، ایم سی ڈی کرپشن کا مرکز بن چکی: دیویندر یادو
دیویندر یادو نے الزام لگایا کہ بی جے پی کی سرپرستی میں ایم سی ڈی افسران رہائشی علاقوں میں تعمیرات کے بدلے لاکھوں روپے کی رشوت وصول کر رہے ہیں۔ انہوں نے اس معاملہ میں سی بی آئی جانچ کا مطالبہ کیا

دیویندر یادو / تصویر آئی این سی
نئی دہلی: دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر دیویندر یادو نے دہلی میونسپل کارپوریشن میں جاری کرپشن کے سلسلہ میں بی جے پی پر سخت حملہ بولا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے بدعنوان راج میں ایم سی ڈی افسران ریزیڈنشل علاقوں میں تعمیرات کے نام پر لاکھوں روپے کی غیرقانونی وصولی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مہیپال پور، ضلع نجف گڑھ میں ایک رہائشی مکان بنانے کے دوران ایم سی ڈی کا ملازم چار لاکھ روپے کی رشوت لیتے ہوئے سی بی آئی کے ہاتھوں رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔
دیویندر یادو کے مطابق، یہ واقعہ بی جے پی اور ایم سی ڈی افسران کے گٹھ جوڑ کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب غریب لوگوں سے ذاتی مکان بنانے کے لیے لاکھوں کی رشوت لی جا رہی ہے، تو تجارتی عمارتوں اور کاروباری سرگرمیوں میں ہونے والی وصولی کا تصور کرنا بھی مشکل ہے۔
کانگریس لیڈر نے مزید بتایا کہ اس معاملے کو سابق ایم ایل اے کرنل دیویندر سہراوت نے اجاگر کیا، جبکہ سی بی آئی کے پاس اس سے متعلق کئی اہم شواہد موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شکایت گزار رنجیت کمار، جو اپنا مکان بنا رہے تھے، کی شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے ایم سی ڈی کے اہلکار سنیل کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔
دیویندر یادو کا کہنا تھا کہ یہ تو صرف ایک مثال ہے، جبکہ حقیقت یہ ہے کہ دہلی کے مختلف علاقوں میں روزانہ ہزاروں مکانات میں تعمیراتی کام جاری ہے اور ہر جگہ ایم سی ڈی اہلکار بھاری رشوت لے کر کام کی اجازت دے رہے ہیں۔ ان کے مطابق، کانگریس کے پاس ایسی پچاس سے زیادہ شکایات موجود ہیں اور پارٹی کا مطالبہ ہے کہ سی بی آئی پورے ریکیٹ کی جامع تفتیش کرے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دہلی میں دکانداروں، گودام مالکان اور تجارتی لائسنس کے نام پر بھی ایم سی ڈی افسران غیرقانونی وصولی کر رہے ہیں۔ پہلے سے چل رہے کاروباروں سے زبردستی ماہانہ بنیاد پر رقم وصول کی جا رہی ہے، اور جو افراد نئے رسید سسٹم کے تحت لائسنس لینا چاہتے ہیں، ان سے بھی ’ہفتہ وصولی‘ کی جا رہی ہے۔
دیویندر یادو نے سوال کیا کہ آخر کیوں منتخب دکانوں اور مخصوص علاقوں کو ہی نشانہ بنایا جا رہا ہے؟ اور کیوں بی جے پی کے ایم ایل اے، کارپوریٹر اور ایم پی اس کھلے کرپشن پر خاموش ہیں؟
انہوں نے اعلان کیا کہ کانگریس دہلی کو کرپشن سے پاک اور انصاف پر مبنی نظم و نسق فراہم کرنے کے لیے مہم شروع کرے گی۔ نرغف گڑھ سمیت دہلی بھر میں کانگریس ایم سی ڈی اہلکاروں کی لوٹ کھسوٹ برداشت نہیں کرے گی۔
کانگریس کی جانب سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ جب تک دکانداروں اور چھوٹے کاروباریوں کے مفادات کا تفصیلی جائزہ نہ لیا جائے، تب تک تجارتی لائسنس کے نوٹیفکیشن کو منسوخ کیا جائے۔
دیویندر یادو نے اعلان کیا کہ کانگریس جلد ہی عدالت میں عوامی مفاد کی عرضی داخل کرے گی اور غریب مکان مالکان، دکانداروں، گودام مالکان اور ٹریڈرز کے ساتھ مل کر متحدہ تحریک چلائے گی تاکہ دہلی میں جاری غیرقانونی وصولی کے اس سسٹم کو روکا جا سکے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔