’بی جے پی کا ایجنڈا صاف ہے، عوام سے لوٹو اور موج اڑاؤ‘، یوپی میں بجلی مہنگی ہونے پر کانگریس کا سخت رد عمل
کانگریس کا کہنا ہے کہ عوام پہلے ہی مہنگائی سے پریشان ہے۔ کمانے کھانے کے لالے پڑے ہیں، لیکن بی جے پی حکومت کی وصولی تھمنے کا نام نہیں لے رہی۔

’’اتر پردیش میں رہنے والوں کے لیے بری خبر۔ بی جے پی حکومت نے آپ کی بجلی 10 فیصد مہنگی کر دی ہے۔‘‘ یہ تبصرہ آج کانگریس نے اپنے آفیشیل ’ایکس‘ ہینڈل پر اُس خبر کے سامنے آنے کے بعد کیا، جس میں بتایا گیا ہے کہ یوپی پاور کارپوریشن لمیٹڈ نے بجلی صارفین کو دھچکا دیتے ہوئے 10 فیصد اضافی فیس وصول کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یعنی اتر پردیش میں بجلی صارفین کو اب اپنے جون کے بلوں میں 10 فیصد اضافی فیس ادا کرنی ہوگی۔ یہ بل فیول سرچارج کے نام پر بڑھایا جائے گا۔ کارپوریشن نے یہ فیصلہ بجلی کی شدید تخفیف اور بجلی کی قلت کے درمیان لیا ہے، جس سے صارفین کو دوہرا دھچکا لگا ہے۔
کانگریس نے عوام کے اوپر پڑی مہنگائی کی اس مار کے لیے بی جے پی حکومت کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔ کانگریس کا کہنا ہے کہ عوام پہلے ہی مہنگائی سے پریشان ہے۔ کمانے کھانے کے لالے پڑے ہیں، لیکن بی جے پی حکومت کی وصولی تھمنے کا نام نہیں لے رہی۔ کانگریس نے حملہ آور رخ اختیار کرتے ہوئے یہ بھی لکھا ہے کہ ’’بی جے پی کا ایجنڈا صاف ہے، عوام سے لوٹو اور موج اڑاؤ۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ بڑھے ہوئے بجلی بلوں سے گھریلو صارفین کے ساتھ ساتھ زرعی اور تجارتی صارفین بھی متاثر ہوں گے۔ اضافہ کردہ سرچارج پہلے سے مہنگائی سے نبرد آزما لوگوں کی جیبوں پر مزید دباؤ ڈالے گا۔ اس معاملے میں عوامی احتجاج اب متوقع ہے۔ بہرحال، فیول سرچارج سے مراد یہ ہے کہ بجلی کمپنیاں صارفین سے ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمت جیسے کوئلہ، گیس وغیرہ وصول کریں گی۔ یو پی پی سی ایل کے مطابق یہ سرچارج ضروری تھا۔ اسمارٹ میٹرز کی وجہ سے صارفین پہلے ہی بجلی سے جڑے مسائل کا شکار تھے، اب فیول سرچارج نے مزید پریشانیوں میں مبتلا کر دیا ہے۔
Follow us: WhatsApp, Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
