بی جے پی میں عظیم اتحاد کے نام سے بے چینی: اجیت سنگھ

ہندو مسلم ایک دوسرے کا درد بانٹنے لگیں گے تو بی جے پی کے منصوبے کبھی بھی پورے نہیں ہونگے۔ آپسی بھائی چارہ سے ہی ملک کی ترقی ہوگی اور کسان بھی اسی وقت خوشحال ہوگا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

میرٹھ: راشٹریہ لوک دل کے سربراہ اجیت سنگھ نے کہا کہ اپوزیشن پارٹیوں کے عظیم اتحاد کے نام سے ہی بی جے پی میں بے چینی بڑھ گئی ہے۔

اجیت سنگھ نے پیر کو یہاں سرکٹ ہاوس میں منعقد پریس کانفرنس میں کہا کہ وقت کی سب سے بڑی ضرورت عظیم اتحاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ عظیم اتحاد کے نام سے ہی بی جے پی میں بے چینی بڑھ گئی ہے۔ اگلے سال ہونے والے عام انتخابات میں بی جے پی کو سبق سکھانے کے لئے ابھی اپوزیشن پارٹیوں میں اتحاد کی سخت ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر ہندو مسلم ایک دوسرے کا درد بانٹنے لگیں گے تو بی جے پی کے منصوبے کبھی بھی پورے نہیں ہونگے۔ آپسی بھائی چارہ سے ہی ملک کی ترقی ہوگی اور کسان بھی اسی وقت خوشحال ہوگا۔عظیم اتحاد کے نام پر وزیر اعظم نریندر مودی اور بی جے پی سربراہ امت شاہ کافی بے چین ہیں۔

بہوجن سماج پارٹی(بی ایس پی) سربراہ مایاوتی کے اتحاد کے ضمن میں دئیے گئے بیان پر انہوں نے کہا کہ اپوزیشن میں کوئی بھی پارٹی اکیلے انتخاب لڑنا نہیں چاہتی۔ بی ایس پی کو بھی ساتھ میں مل کر انتخابی میدان میں اترنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ عام انتخابات میں ابھی آٹھ مہینے بچے ہیں۔عظیم اتحاد کی حتمی شکل دسمبر تک سامنے آجائے گی۔ انہوں نے کہا دراصل عظیم اتحاد کا قیام ہوچکا ہے صرف لیڈران کا ہونا باقی ہے۔

اجیت سنگھ نے کہا کہ آج کسان سمجھدار ہوچکا ہے اور حکومت کے جھوٹے وعدوں کے بعد اس میں بہت تبدیلی آئی ہے۔انہوں نے کہا کہ حال ہی میں بھارتیہ کسان یونین کی سربراہی میں دہلی میں داخلے کی اجازت نہ ملنے سے کسانوں نے اعلان کیا ہے کہ اب گاؤں گاؤں میں بی جے پی کو نہیں گھسنے دیا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 15 Oct 2018, 5:08 PM