مدھیہ پردیش اسمبلی: پسماندہ طبقات کو 27 فیصد ریزرویشن دینے کی تجویز کو منظوری

مدھیہ پردیش اسمبلی میں منگل کے روز دیگر پسمانہ طبقات (او بی سی) کے لوگوں کو سرکاری نوکری میں 27 فیصد ریزرویشن دئے جانے کی تجویز کو اتفاق رائے سے منظور کر لیا گیا۔

تصویر اے آئی این ایس
تصویر اے آئی این ایس
user

قومی آوازبیورو

بھوپال: مدھیہ پردیش اسمبلی میں منگل کے روز دیگر پسمانہ طبقات (او بی سی) کے لوگوں کو سرکاری نوکری میں 27 فیصد ریزرویشن دئے جانے کی تجویز کو اتفاق رائے سے منظور کر لیا گیا۔ ریاست کی عمومی انتظامیہ کے وزیر ڈاکٹر گووند سنگھ نے نوکریوں میں او بی سی کو دئے جا رہے 14 فیصد ریزرویشن کو بڑھا کر 27 فیصد کئے جانے کا مدھیہ پردیش سول سروس (ایس سی، ایس ٹی اور او بی سی کا ریزرویشن) ترمیمی بل پیش کیا۔ اس ترمیمی بل کو اتفاق رائے سے منظور کر لیا گیا۔

ڈاکٹر گووند سنگھ نے بل کو پیش کرتے ہوئے کہا کہ او بی سی کے ریزرویشن کو بڑھا کر 14 سے 27 فیصد کیا گیا ہے، اس طرح ریاست میں مختلف ذاتوں کو دئے جانے والا ریزرویشن 70 فیصد سے تجاوز کر گیا ہے۔ انہوں نے کہا ایسے اور بھی صوبے ہیں جہاں نوکریوں میں 50 فیصد سے زیادہ ریزرویشن دیا جا رہا ہے۔


’پسماندہ طبقہ کو 27 فیصد ریزرویشن دینے کا وعدہ پورا‘

مدھیہ پردیش کانگریس صدر کے میڈیا کوآرڈینیٹر نریندر سلوجا نے پسماندہ طبقہ کو 27 فیصد ریزرویشن دیئے جانے والے بل کے اسمبلی میں اتفاق رائے سے منظور ہونے کو تاریخی فیصلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ کانگریس حکومت نے پسماندہ طبقہ سے انتخابات سے قبل کیا وعدہ پورا کر دیا۔

سلوجا نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ جو کام سابقہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حکومت اپنی 15برس کی مدت کار میں نہیں کرسکی تھی، اسے آج کمل ناتھ حکومت نے محض 7 مہینہ کی حکومت میں کر کے دکھایا ہے۔ جو کہا وہ پورا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ ریاست کی کملناتھ حکومت اپنے وعدہ کی پکی اور ریاست کے پسماندہ طبقہ کی حامی ہے۔


انہوں نے کہاکہ آج کے اس فیصلہ سے پسماندہ طبقہ کے محروم کنبوں کو طاقت ملے گی اور پسماندہ طبقہ کی فلاح و بہود کو ایک نئی سمت ملے گی۔ انہوں نے کہاکہ آئندہ بھی کملناتھ حکومت مدھیہ پردیش کے عوام سے کئے گئے ہر وعدے کے تئیں عہدبند رہے گی اور مدھیہ پردیش کو ترقی کے راستے پر گامزن رکھے گی۔ اپنے ہر وعدہ کو پورا کرے گی۔

(ایجنسی ان پٹ کے ساتھ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔