اجیت پوار کو ملا بی جے پی حکومت بنوانے کا تحفہ! سینچائی گھوٹالہ معاملہ میں کلین چٹ

اجیت پوار کو کلین چٹ دئیے جانے کی خبریں سامنے آنے کے بعد لوگ یہ سوال اٹھانے لگے ہیں کہ کیا اجیت پوار نے مہاراشٹر میں حکومت سازی کے لیے فڑنویس سے جو ہاتھ ملایا، اس کا انھیں تحفہ ملا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

مہاراشٹر حکومت نے 70 ہزار کروڑ روپے کے سینچائی گھوٹالہ میں اپنے نائب وزیر اعلیٰ اور این سی پی لیڈر اجیت پوار کو کلین چٹ دے دی ہے۔ میڈیا ذرائع کے مطابق اس گھوٹالہ سے متعلق اجیت پوار کے خلاف جو جانچ چل رہی تھی اسے اب بند کر دیا گیا ہے۔ اجیت پوار کو یہ بڑی راحت بطور مہاراشٹر نائب وزیر اعلیٰ حلف برداری کے تقریباً 48 گھنٹے بعد ملی ہے۔ لیکن اس خبر کے بعد وزیر اعلیٰ فڑنویس اور بی جے پی دونوں پر انگلی بھی اٹھنے لگ گئی ہے۔

دراصل مہاراشٹر کے دوسری مرتبہ نائب وزیر اعلیٰ بنے اجیت پوار پر 70 ہزار کروڑ روپے کے سینچائی گھوٹالہ کا الزام مہاراشٹر کی گزشتہ بی جے پی حکومت میں ہی لگا تھا اور پورا معاملہ انسداد بدعنوانی بیورو (اے سی بی) کے زیر نگرانی چل رہا تھا۔ سچ تو یہ ہے کہ بی جے پی جب مہاراشٹر میں اپوزیشن میں تھی تب سے ہی اجیت پوار کو گھیرتی رہی ہے۔ اتنا ہی نہیں، ایم ایس سی بی گھوٹالے میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے این سی پی سربراہ شرد پوار اور اجیت پوار سمیت 70 دیگر لوگوں کے خلاف منی لانڈرنگ کا کیس درج کیا تھا۔


بہر حال، میڈیا ذرائع کے مطابق انسداد بدعنوانی بیورو نے اجیت پوار کو راحت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ریاستی حکومت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ جن معاملوں میں اجیت پوار کو کلین چٹ دی گئی ہے، ان معاملوں سے ان کا تعلق نہیں ہے۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ بامبے ہائی کورٹ کی ہدایات کے بعد انھیں کلین چٹ دی گئی ہے۔ لیکن اس سلسلے میں کوئی مصدقہ خبر سامنے نہیں آئی ہے۔

اجیت پوار کو کلین چٹ دئیے جانے کی خبریں سامنے آنے کے بعد لوگ یہ سوال اٹھانے لگے ہیں کہ کیا اجیت پوار نے مہاراشٹر میں حکومت سازی کے لیے فڑنویس سے جو ہاتھ ملایا، اس کا انھیں تحفہ ملا ہے۔ شیوسینا کی خاتون لیڈر پرینکا چترویدی نے اس تعلق سے ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں انھوں نے لکھا ہے کہ ’’واہ واہ اقتدارکا کھیل، اب پتہ چلا کیوں ہوا یہ میل، جانچ ہوئی فیل، نہ لینی پڑے گی کوئی بیل۔‘‘


واضح رہے کہ این سی پی لیڈر اجیت پوار نے انتہائی خاموشی کے ساتھ بی جے پی لیڈر دیویندر فڑنویس کو حمایت دینے کا فیصلہ لیا تھا جس کے بعد ہفتہ کی صبح 8 بجے اچانک فڑنویس نے مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ اور اجیت پوار نے نائب وزیر اعلیٰ کا حلف لے لیا۔ اس واقعہ کے بعد پورے این سی پی میں ایک ہنگامہ برپا ہو گیا اور شرد پوار نے سامنے آ کر واضح لفظوں میں کہہ دیا کہ ان کے ساتھ دھوکہ ہوا ہے اور اجیت پوار نے بغیر کسی کو بتائے بی جے پی سے ہاتھ ملا لیا ہے۔ بعد ازاں این سی پی قانون ساز پارٹی کی میٹنگ کر کے اجیت پوار کو قانون ساز پارٹی لیڈر عہدہ سے ہٹا دیا گیا اور اب ان کی جگہ کسی دیگر شخص کو این سی پی قانون ساز پارٹی کا لیڈر بنایا گیا ہے۔ مہاراشٹر میں اس وقت سیاسی ماحول بالکل گرم ہے اور عدالت عظمیٰ منگل کی صبح 10.30 بجے کوئی فیصلہ سنانے والی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 25 Nov 2019, 5:18 PM