بہار: ایس آئی آر کو ’تغلقی فرمان‘ بتانے والے جے ڈی یو رکن پارلیمنٹ گردھاری یادو کو پارٹی نے جاری کیا وجہ بتاؤ نوٹس
جے ڈی یو نے نوٹس میں لکھا کہ ’’ایسے حساس معاملہ پر آپ کا عوامی تبصرہ نہ صرف پارٹی کے لیے شرمندگی کا باعث بنتی ہیں، بلکہ غیر ارادی طور پر اپوزیشن کے ذریعہ لگائے گئے الزامات کو بھی تقویت بخشتی ہیں۔‘‘
جے ڈی یو رکن پارلیمنٹ گردھاری یادو(ویڈیو گریب)
بہار میں جاری ووٹر لسٹ کی خصوصی گہر نظر ثانی (ایس آئی آر) پر اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ ساتھ حکمراں جماعت کے لیڈران بھی سوال اٹھا رہے ہیں۔ بہار کے بانکا سے این ڈی اے اتحاد کی حلیف جماعت جے ڈی یو کے رکن پارلیمنٹ گردھاری یادو نے گزشتہ روز ایس آئی آر کو ’تغلقی فرمان‘ قرار دیا تھا۔ اس معاملے میں جمعرات کو جے ڈی یو نے انھیں وجہ بتاؤ نوٹس جاری کر دیا ہے۔
جے ڈی یو کے قومی جنرل سکریٹری آفاق احمد خان کے دستخط شدہ ’وجہ بتاؤ نوٹس‘ میں کہا گیا ہے کہ ’’آپ اس بات سے بخوبی واقف ہیں کہ کچھ اپوزیشن جماعتیں، اپنے انتخابی نتائج سے مایوس ہوکر الیکشن کمیشن کو بدنام کرنے کے لیے، خاص کر الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) کے مسئلہ پر مسلسل مہم چلا رہی ہیں۔ اس کا واحد مقصد ہے ایک آئینی ادارہ کے طریقۂ کار پر عوام میں شکوک و شبہات پیدا کرنا۔‘‘ نوٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ’’ہماری پارٹی جے ڈی یو نے انڈیا اتحاد کے دوران اور اب این ڈی اے اتحاد کی حلیف پارٹی کے طور پر مسلسل الیکشن کمیشن اور ای وی ایم کے استعمال کی حمایت کی ہے۔‘‘
جے ڈی یو نے نوٹس میں لکھا کہ ’’ایسے حساس معاملہ پر آپ کا عوامی تبصرہ خاص کر انتخابی سال میں نہ صرف پارٹی کے لیے شرمندگی کا باعث بنتی ہیں، بلکہ غیر ارادی طور پر اپوزیشن کے ذریعہ لگائے گئے بے بنیاد اور سیاست سے متاثر الزامات کو بھی تقویت بخشتی ہیں۔‘‘ نوٹس میں گردھاری یادو سے کہا گیا کہ ’’ جے ڈی یو آپ کے رویہ کو ڈسپلن شکنی مانتا ہے اور اس معاملے میں پارٹی کے مقرر کردہ اصول کے مطابق نہیں ہے۔ اس لیے آپ اس نوٹس کے ملنے کے 15 دنوں کے اندر وجہ بتاؤ نوٹس کا جواب دیں، بصورت دیگر آپ کے خلاف تادیبی کارروائی کی جا سکتی ہے۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ بدھ کو پارلیمنٹ کے باہر جے ڈی یو رکن پارلیمنٹ گردھاری یادو نے پارلیمنٹ کے باہر کہا تھا کہ ’’الیکشن کمیشن کو کوئی عملی علم نہیں ہے، اسے نہ تو بہار کی تاریخ کا پتہ ہے اور نہ جغرافیہ کا، اسے کچھ بھی نہیں معلوم۔‘‘ رکن پارلیمنٹ کے مطابق مجھے تمام دستاویزات اکٹھا کرنے میں 10 روز لگ گئے۔ میرا بیٹا امریکہ میں رہتا ہے وہ ایک ماہ کے اندر کیسے دستخط کر دے گا؟ یہ ایس آئی آر ہم پر زبردستی مسلط کیا گیا ہے۔ یہ الیکشن کمیشن کا تغلقی فرمان ہے۔ رکن پارلیمنٹ نے یہ بھی واضح کر دیا تھا کہ یہ ان کا ذاتی بیان ہے، اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ ان کی پارٹی کیا کہہ رہی ہے۔ گردھاری یادو نے یہ بھی کہا تھا کہ ’’لوگ نوکر شاہی کی رکاوٹوں اور (ایس آئی آر کے لیے) دستاویزات حاصل کرنے میں پیش آنے والی مشکلات کے بارے میں شکایت کر رہے ہیں۔ میرے انتخابی حلقہ کے لوگوں نے مجھے بتایا ہے کہ کئی جگہوں پر افسران رشوت بھی مانگ رہے ہیں۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔