بہار ٹیچر ٹریننگ: کیا عید کے دن بھی نہیں ملے گی چھٹی؟ ناراض مسلم تنظیموں نے وزیر اعلیٰ کو لکھا خط

محکمہ تعلیم کی طرف سے اساتذہ کے ایک گروپ کے لیے 8 اپریل سے 13 اپریل کے درمیان ٹریننگ مقرر کیا گیا ہے، ان تاریخوں کے درمیان ہی عید کا تہوار منایا جائے گا۔

نتیش کمار، تصویر یو این آئی
نتیش کمار، تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

بہار میں تہوار کے موقع پر بھی اساتذہ کو چھٹی نہ دیے جانے کا تنازعہ ختم ہونے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ ابھی زیادہ دن نہیں ہوئے ہیں جب ہولی کے دن اساتذہ کے لیے اسکول کو کھلا رکھا گیا تھا۔ محکمہ تعلیم نے حکم جاری کیا تھا کہ 25 مارچ کو سبھی اساتذہ اسکول پہنچیں۔ حکم کی تعمیل کرتے ہوئے بڑی تعداد میں اساتذہ اسکول پہنچے اور انھیں رَنگ-ابیر کے ساتھ ساتھ گوبر-مٹی کا بھی سامنا کرنا پڑا۔ نتیش حکومت کی اس روش کی خوب تنقید ہوئی اور سیاسی لیڈران کے ساتھ ساتھ سماجی کارکنان نے بھی ناراضگی کا اظہار کیا۔ اب کچھ ایسا ہی معاملہ عید کی چھٹی کو لے کر بھی سامنے آ رہا ہے۔

دراصل عید کے موقع پر ہی محکمہ تعلیم نے اساتذہ کی رہائشی ٹریننگ طے کر دی ہے۔ محکمہ نے تقریباً 6 لاکھ اساتذہ کو تعلیم کی جدید تکنیک سے روشناس کرنے کے لیے 6 روزہ تربیت دے رہی ہے۔ بہار کے الگ الگ اضلاع میں واقع ٹریننگ سنٹر کی تعداد کو دیکھتے ہوئے ایک بیچ یعنی گروپ میں تقریباً 19000 اساتذہ کو تربیت دی جا رہی ہے۔ بہار میں ایس سی ای آر ٹی کی طرف سے الگ الگ مرحلہ میں اساتذہ کو یہ رہائشی تربیت دی جا رہی ہے۔


غور کرنے والی بات یہ ہے کہ محکمہ تعلیم کی طرف سے ایک گروپ کا 8 اپریل سے 13 اپریل کے درمیان ٹریننگ مقرر کیا گیا ہے۔ چونکہ اس مرتبہ عید 10 یا 11 اپریل کو ہے، تو مذکورہ گروپ کے لیے عید کی چھٹی کینسل ہوتی ہوئی دکھائی دے رہی ہے۔ اس معاملے میں خاص طور سے مسلم اساتذہ نے امارتِ شرعیہ پھلواری شریف سے رابطہ کیا اور پوری جانکاری ذمہ داران کو دی۔ بعد ازاں معاملے کی سنجیدگی کو دیکھتے ہوئے امارتِ شرعیہ کے ناظم محمد ارشد رحمانی نے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کو خط لکھا ہے۔ اس میں انھوں نے مطالبہ کیا ہے کہ وزیر اعلیٰ متعلقہ معاملے میں مداخلت کریں اور ٹریننگ کی تاریخ کو آگے بڑھائیں۔ خط میں یہ بھی لکھا گیا ہے کہ عید کے دن مسلم اساتذہ تربیتی پروگرام میں حصہ لیں گے تو کنبہ کے ساتھ عید کی خوشیاں کیسے منا پائیں گے؟ محمد ارشد رحمانی کا کہنا ہے کہ عید کے دن پورے ملک مین سبھی سرکاری ادارے بند رہتے ہیں، اس کے بعد بھی بہار کے محکمہ تعلیم نے 8 اپریل سے 13 اپریل تک اساتذہ کے لیے ٹریننگ مقرر کیا ہے جو درست نہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔