بہار: پٹنہ یونیورسٹی طلبا یونین الیکشن کے دوران کئی راؤنڈ فائرنگ سے طلبا و طالبات میں دہشت

طلبا یونین الیکشن کے پیش نظر ووٹ کرنے پہنچے طلبا و طالبات میں اس وقت دہشت اور افرا تفری کا ماحول پھیل گیا جب کالج احاطہ کے اندر کئی راؤنڈ فائرنگ کی گئی۔

پٹنہ یونیورسٹی، تصویر آئی اے این ایس
پٹنہ یونیورسٹی، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

پٹنہ یونیورسٹی میں آج طلبا یونین الیکشن کے پیش نظر ووٹنگ ہوئی، لیکن اس درمیان گولی باری اور پتھراؤ کے واقعات سے طلبا و طالبات میں دہشت کا ماحول دیکھنے کو مل رہا ہے۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں میں بتایا جا رہا ہے کہ کئی راؤنڈ فائرنگ ہونے کی خبر ملتے ہی اعلیٰ افسران جائے وقوع پر پہنچ گئے۔ پولیس کا اس معاملے میں کہنا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ یونیورسٹی احاطہ کے باہر پیش آیا ہے۔ حالانکہ کچھ ایسی ویڈیوز سوشل میڈیا پر دیکھنے کو مل رہی ہیں جس میں صاف پتہ چل رہا ہے کہ فائرنگ کالج کیمپس کے اندر ہوئی ہے۔

موصولہ خبروں کے مطابق طلبا یونین الیکشن کے پیش نظر ووٹ کرنے پہنچے طلبا و طالبات میں اس وقت دہشت اور افرا تفری کا ماحول پھیل گیا جب کالج احاطہ کے اندر کئی راؤنڈ فائرنگ کی گئی۔ فائرنگ کرنے کا الزام ہاسٹل میں رہنے والے ہی کچھ طلبا پر لگ رہا ہے۔ پولیس افسران نے اس معاملے میں اپنی تحقیقات شروع کر دی ہے۔


بتایا جاتا ہے کہ پٹنہ یونیورسٹی میں طلبا یونین الیکشن کے پیش نظر حفاظت کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ طلبا و طالبات کو ووٹنگ میں کسی طرح کی دقت پیش نہ آئے، اس کے لیے پولیس افسران حالات پر گہری نظر رکھ رہے ہیں۔ حالانکہ فائرنگ کے واقعہ کے بعد سیکورٹی انتظامات کو لے کر کچھ سوال ضرور کھڑے ہوئے ہیں۔ اچھی بات یہ ہے کہ فائرنگ واقعہ میں کسی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔