بہار: کئی جیلوں میں چھاپہ ماری، موبائل اور چاقو سمیت کئی قابل اعتراض سامان برآمد

راجدھانی پٹنہ کے بیور جیل، بکسر جیل، گیا جیل میں بھی چھاپہ ماری کی گئی۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق ان جیلوں میں قیدی وارڈوں سے بھی کئی قابل اعتراض سامان برآمد ہوئے ہیں۔

علامتی، تصویر آئی اے این ایس
علامتی، تصویر آئی اے این ایس
user

تنویر

بہار کے مختلف اضلاع میں واقع کئی جیلوں میں اس وقت ایک ہنگامے کی کیفیت پیدا ہو گئی جب قیدی وارڈوں میں چھاپہ ماری کی کارروائی ہوئی۔ بدھ کے روز علی الصبح ہوئی اس چھاپہ ماری میں موبائل اور دھار دار چاقو سمیت کئی قابل اعتراض سامان برآمد کیے گئے۔ گوپال گنج جیل میں جہاں بغیر سم کا ایک موبائل فون برآمد ہوا، وہیں سیوان کی جیل میں دو چاقو، ائیر فون، موبائل کا چارجنگ پن لاوارث حالت میں دستیاب ہوا۔ سیوان جیل میں ضلع مجسٹریٹ امت کمار پانڈے اور پولس سپرنٹنڈنٹ ابھینو کمار کی قیادت میں چھاپہ ماری کی کارروائی ہوئی اور بیت الخلا و ریسٹورینٹ کی بھی تلاشی لی گئی۔ جیل انتظامیہ کی طرف سے قابل اعتراض سامانوں کو لے کر مقامی تھانہ میں تحریری شکایت کی گئی ہے۔

دوسری طرف بیگوسرائے کے ضلع مجسٹریٹ اروند کمار ورما اور پولس سپرنٹنڈنٹ اوکاش کمار کی قیادت میں ڈویژنل جیل میں تلاشی مہم چلائی گئی۔ یہاں سے دو دھاردار قینچی برآمد کی گئی ہیں۔ علاوہ ازیں کچھ دیگر قابل اعتراض سامان بھی برآمد ہوئے ہیں۔ بھوجپور میں بھی ضلع مجسٹریٹ روشن کشواہا اور پولس سپرنٹنڈنٹ ہرکشور رائے کی ہدایت پر بدھ کی صبح پانچ بجے سے سات بجے تک دو گھنٹے تک ڈویژنل جیل، آرہ میں چھاپہ ماری کی کارروائی ہوئی۔ اس دوران سبھی وارڈوں کی تلاشی لی گئی جس میں ایک موبائل فون اور چارجر برآمد ہونے کی اطلاع ہے۔


اس درمیان راجدھانی پٹنہ کے بیور جیل، بکسر جیل، گیا جیل میں بھی چھاپہ ماری کی گئی۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی اطلاعات کے مطابق ان جیلوں میں قیدی وارڈوں سے بھی کئی قابل اعتراض سامان برآمد ہوئے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔