بہار: چھپرہ واقع مندر میں پجاری کا قتل، حملہ آور مورتیوں سمیت سبھی زیورات لے کر فرار

صبح جب گاؤں والے پوجا کرنے مندر پہنچے تو انھیں واقعہ کی جانکاری ملی، خبر پھیلتے ہی مندر میں بھیڑ امنڈ پڑی اور معاملے کی جانکاری پولیس کو دی گئی۔

بہار پولیس، علامتی تصویر آئی اے این ایس
بہار پولیس، علامتی تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

بہار میں بی جے پی اور جنتا دل یو کی نتیش حکومت کے تمام دعووں کے باوجود جرائم کے واقعات میں کوئی کمی نہیں ہو رہی ہے۔ ریاست کے سارن ضلع واقع سٹی تھانہ علاقہ میں پیر کے روز جرائم پیشوں نے ایک مندر کو نشانہ بنایا جہاں پجاری کا قتل کر دیا اور مندر میں موجود مورتیوں کے ساتھ ساتھ زیورات بھی لوٹ کر فرار ہو گئے۔

پولیس کے ایک اعلیٰ افسر نے بتایا کہ افار گاؤں واقع قدیم رام جانکی مندر میں شام کی پوجا کے بعد کھانا کھا کر پجاری گورکھناتھ داس رات کو سو گئے۔ اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ دیر رات بدمعاش مندر میں داخل ہوئے اور قیمتی مورتیاں و زیورات لوٹ کر چلتے بنے۔ بتایا جاتا ہے کہ اس دوران مندر کے پجاری گورکھناتھ داس (75 سال) نے مخالفت کی جس کے پیش نظر بدمعاشوں نے ان کا قتل کر دیا اور فرار ہو گئے۔


بتایا جاتا ہے کہ صبح جب دیہی عوام مندر میں پوجا کرنے پہنچے تب انھیں پورے معاملے کی جانکاری ہوئی۔ گاؤں میں اس کی اطلاع ملتے ہی مندر میں بھیڑ امنڈ پڑی۔ اس کے بعد اس کی خبر پولیس کو دی گئی۔ خبر ملنے پر پہنچی پولیس نے لاش کو قبضے میں لے کر جائے واقعہ پر جانچ شروع کر دی۔ پولیس افسر نے بتایا کہ پورے معاملے کی تفتیش کی جا رہی ہے۔ پجاری کی لاش کو پولیس نے اپنے قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال بھیج دیا ہے۔

اس واقعہ کے بعد پولیس کے تئیں لوگوں میں زبردست غصہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔ کچھ لوگ اس واقعہ کے پیچھے زمین تنازعہ کو وجہ بتا رہے ہیں۔ قابل ذکر بات یہ بھی ہے کہ چھپرہ میں ایک ہفتہ قبل ہی نقاب پوش جرائم پیشوں نے کاشی بازار واقع پی این جویلرس میں گھس کر تقریباً ایک کروڑ روپے کے زیور لوٹ لیے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔