بہار: وزیر اعظم نریندر مودی نے پورنیہ ایئرپورٹ کا کیا افتتاح، 36 ہزار کروڑ کے منصوبوں کا دیا تحفہ
پٹنہ، گیا اور دربھنگہ کے بعد پورنیہ کو بھی ایئرپورٹ کا تحفہ مل گیا ہے، یہاں سے لوگ ملک کے دوسرے حصوں میں آسانی سے سفر کر سکیں گے۔ پورنیہ سے فی الحال کولکاتہ اور احمد آباد کے لیے ڈائریکٹ فلائٹ ملے گی۔

بہار میں آئندہ کچھ ہفتوں میں اسمبلی انتخاب میں ووٹنگ کی تاریخ کا اعلان الیکشن کمیشن کر سکتا ہے۔ انتخاب کی تاریخ کے اعلان سے قبل ہی سیاسی پارٹیاں جنگی پیمانے پر تیاریوں میں مصروف ہیں۔ یاتراؤں، ریلیوں اور جلسۂ عام کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔ ساتھ ہی ووٹرس کو اپنی جانب راغب کرنے کے لیے انتخابی وعدوں کا بھی اعلان کیا جا رہا ہے۔ اسی سلسلہ میں وزیر اعظم نریندر مودی بہار کے پورنیہ پہنچے ہیں۔ یہاں انہوں نے سول انکلیو کے ٹرمینل کی عارضی عمارت کا افتتاح کیا۔ یہ نیا ٹرمینل ایئرپورٹ کی سہولیات اور صلاحیت میں اضافہ کرے گا، علاقے کی ترقی اور رابطے میں معاون ثابت ہوگا۔
واضح ہو کہ پورنیہ ایئرپورٹ بہار کا چوتھا کمرشیل ہوائی اڈہ بن گیا ہے۔ اس ایئرپورٹ کے افتتاح سے سیمانچل کے لوگوں کا کافی فائدہ ملے گا۔ آس پاس کے اضلاع کے لوگوں کو بھی ہوائی خدمات کا فائدہ ملے گا۔ پورنیہ کے علاوہ ارریہ، کٹیہار، کشن گنج، مدھے پورہ، سہرسہ اور سوپول کو براہ راست فائدہ ملے گا۔ پٹنہ، گیا اور دربھنگہ کے بعد پورنیہ بہار کا چوتھا ایئرپورٹ بن گیا ہے، اب یہاں سے لوگ ملک کے دوسرے حصوں میں آسانی سے ہوائی سفر کر سکیں گے۔ پورنیہ ایئرپورٹ سے فی الحال کولکاتہ اور احمد آباد کے لیے ڈائریکٹ فلائٹ ملے گی۔ انڈیگو ایئرلائن کی کولکاتہ کے لیے فلائٹ ہفتہ میں 3 روز ملے گی۔
ایئر پورٹ ٹرمینل کے افتتاح کے دوران وزیر اعظم مودی کے ساتھ بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار، نائب وزیر اعلیٰ وجے سنہا اور شہری ہوابازی کے وزیر رام موہن نائیڈو بھی ساتھ تھے۔ پورنیہ ایئرپورٹ احاطہ ٹرمینل بلڈنگ، ایپرون، کارگو، کمپلیکس، ایس ٹی پی، واٹر اینڈ فائر ٹینک، الیکٹرک سب اسٹیشن، ایوی ایشن فیول فارم، ایڈمن آفس، کمرشیل پلازہ اور اسٹیلٹ جیسی پارکنگ سہولیات سے آراستہ ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے شیشاباڑی ایس ایس بی گراؤنڈ میں 36000 کروڑ روپے سے زیادہ کے مختلف منصوبوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھا۔ ساتھ ہی انہوں نے یہاں جلسۂ عام سے بھی خطاب کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ’’40 ہزار سے زائد لوگوں کو ’پی ایم آواس یوجنا‘ کے تحت پکے گھر ملے ہیں۔ دھنتیرس، دیوالی اور چھٹھ پوجا سے قبل اپنے پکے مکان میں داخل ہونا بڑی خوش قسمتی کی بات ہے۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔