مرکزی وزراء لگاتار بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی رہائش پر کیوں پہنچ رہے؟

بہار میں جب سے این ڈی اے برسراقتدار ہوئی، اس اتحاد میں شامل پارٹیوں کے درمیان رشتے ٹھیک نظر نہیں آئے، اکثر بی جے پی اور جنتا دل یو لیڈروں کے درمیان بھی بیان بازیاں ہوتی رہتی ہیں۔

نتیش کمار، تصویر یو این آئی
نتیش کمار، تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

بہار میں جب سے این ڈی اے برسراقتدار ہوئی، اس اتحاد میں شامل پارٹیوں کے درمیان رشتے ٹھیک نظر نہیں آئے۔ اکثر بی جے پی اور جنتا دل یو لیڈروں کے درمیان بھی بیان بازیاں ہوتی رہتی ہیں۔ اس دوران حال کے دنوں میں مرکزی وزراء کے بہار دورہ کے دوران وزیر اعلیٰ کی رہائش پر پہنچ اور نتیش کمار سے ملاقات کرنا کچھ زیادہ ہی بڑھ گیا ہے۔ اب ان ملاقاتوں کے سیاسی معانی تلاش کیے جانے لگے ہیں۔

مرکزی وزیر برائے سڑک ٹرانسپورٹیشن و شاہراہ نتن گڈکری منگل کو کئی منصوبوں کی سنگ بنیاد اور افتتاح کے لیے بہار پہنچے۔ ان پروگراموں میں دونوں لیڈروں کی ملاقات بھی ہونی طے تھی، لیکن گڈکری پٹنہ ہوائی اڈے سے سیدھے وزیر اعلیٰ کی رہائش پر پہنچے اور پھر اچھے ماحول میں بات چیت بھی ہوئی۔ اس کے بعد دونوں گاندھی سیتو سمیت دیگر منصوبوں کا اجراء و سنگ بنیاد تقریب میں پہنچے۔ اس دوران دونوں لیڈران اپنے اپنے خطابات میں ایک دوسرے کی خوب تعریف بھی کرتے نظر آئے۔


گڈکری نے جہاں اپنے خطاب کے دوران نتیش کمار کی قیادت میں بہار کی ترقی کی بات کہی، وہیں نتیش کمار نے بھی گڈکری کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ میں تو آپ کو بھول ہی نہیں سکتا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اتھنول کے لیے جو آپ نے کام شروع کرایا ہے، اس کے لیے ہم آپ کو نہیں بھولیں گے۔ اس دوران استقبال کر رہے افسران کو بھی دونوں لیڈران ’پہلے آپ، پہلے آپ‘ کرتے نظر آئے۔ ان واقعات کے بعد اس کے سیاسی معانی نکالے جانے لازم ہیں۔

مرکزی وزیر صحت و خاندانی فلاح منسکھ منڈاویا بھی اپنے بہار دورہ کے دوران دو دن پہلے وزیر اعلیٰ رہائش پہنچ کر نتیش کمار سے ملے تھے۔ گزشتہ دنوں مرکزی وزیر دھرمیندر پردھان نے بھی وزیر اعلیٰ نتیش کمار سے ملاقات کی تھی اور پھر دہلی کے لیے نکلے تھے۔ اس ملاقات کے بعد بھی کئی طرح کی باتیں ہوئی تھیں۔ ویسے نتیش کمار نے دھرمیندر پردھان سے ملاقات کے بعد کہا تھا کہ وہ ان کے پرانے دوست ہیں جن سے بات ملاقات ہوتی رہتی ہے۔


گڈکری کی وزیر اعلیٰ سے قربت کو لے کر کہا جا رہا ہے کہ بی جے پی کسی بھی حال میں جنتا دل یو کو اپنے سے الگ نہیں ہونے دینا چاہتی۔ کئی ولگ اسے صدارتی انتخاب اور 2024 میں ہونے والے لوک سبھا انتخاب سے بھی جوڑ رہے ہیں۔ حال کے دنوں میں نتیش کمار اور تیجسوی یادو کی نزدیکی کی خبریں خوب تیرتی ہوئی دیکھی گئیں، جس کے بعد طرح طرح کی قیاس آرائیاں شروع ہو گئی تھیں۔ اب جب کہ بی جے پی کے سرکردہ لیڈران وزیر اعلیٰ کی رہائش پر پہنچ رہے ہیں، تو ایک بار پھر این ڈی اے مضبوط نظر آ رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */