بہار: رام نومی تشدد منصوبہ بندی کے ساتھ ہوا، واٹس ایپ گروپ پر تیار ہوئی سازش، بجرنگ دل لیڈر کندن کمار تھا ماسٹر مائنڈ!

اے ڈی جی جتیندر سنگھ گاور نے بتایا ہے کہ واٹس ایپ گروپ کے ایڈمن بجرنگ دل کے کنوینر کندن کمار نے پہلے ہی خود سپردگی کر دی ہے، بعد ازاں گروپ کے دوسرے ایڈمن کشن کمار نے بھی خود سپردگی کر دی۔

<div class="paragraphs"><p>فائل، تصویر آئی اے این ایس</p></div>

فائل، تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

بہار میں رام نومی کے دوران ہوئے تشدد کو لے کر برسراقتدار طبقہ کا کہنا تھا کہ حکومت کو بدنام کرنے کے لیے منصوبہ بند طریقے سے اس واقعہ کو انجام دیا گیا۔ اب بہار پولیس نے جو انکشاف کیا ہے اس سے بھی یہی لگ رہا ہے کہ جو دعوے کیے گئے وہ درست تھے۔ دراصل پیر کے روز بہار پولیس نے نالندہ میں ہوئے تشدد معاملے میں بڑا انکشاف کیا ہے۔ پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ علاقے میں دو طبقات کے درمیان تشدد بھڑکانے کی پہلے سے ہی پلاننگ کی گئی تھی۔ اس کے لیے باقاعدہ واٹس ایپ گروپ بھی بنایا گیا تھا۔ تشدد سے پہلے 456 لوگوں کا ایک واٹس ایپ گروپ سرگرم تھا۔ جہاں رام نومی کو لے کر پیغام کے ذریعہ تشدد کی سازش رچی جا رہی تھی۔ ای او یو (معاشی جرائم یونٹ) کے مطابق سائبر اسپیس پر اشتعال کی باتوں نے شہر کے فرقہ وارانہ حالات کو بگاڑنے میں اہم کردار ادا کیا۔

اے ڈی جی جتیندر سنگھ گاور نے بتایا ہے کہ اس سوشل میڈیا گروپ کے طور پر بجرنگ دل کے کنوینر کندن کمار نے پہلے ہی خود سپردگی کر دی ہے۔ بعد ازاں گروپ کے دوسرے ایڈمن کشن کمار نے بھی خود سپردگی کر دی۔ اس کے علاوہ بہار شریف میں مجموعی طور پر 15 ایف آئی آر درج کی گئی ہیں جن میں مجموعی طور پر 140 گرفتاریاں کی گئی ہیں۔


جے ایس گنگوار نے بتایا کہ ’ای او یو کی جانچ میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزم نے فرضی ویڈیو کے ذریعہ بھی الگ الگ طبقات کے لوگوں کو اکسایا۔ ای او یو نے ملزمین سے پانچ موبائل فون برآمد کیے ہیں جن کی جانچ کی جا رہی ہے۔‘‘ انھوں نے مزید جانکاری دی کہ ای او یو نالندہ اور سہسرام (ضلع روہتاس) میں فرقہ وارانہ کشیدگی کے دوران سوشل میڈیا اسٹیج کے ذریعہ فرضی ویڈیو اور پیغام نشر کرنے والے لوگوں کو پکڑنے کے لیے الگ سے جانچ کر رہی ہے اور 8 اپریل کو 15 افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی۔ گنگوار نے بتایا کہ جن پانچ ملزمین کو پکڑا گیا ہے وہ سبھی نامزد تھے۔

اے ڈی جی کا کہنا ہے کہ ’’بہار پولیس نے نالندہ ور روہتاس ضلع میں ہوئے تشدد کے واقعات کو لے کر ای او یو کی ایف آئی آر سمیت مجموعی طور پر 20 معاملے درج کیے ہیں۔ 200 سے زیادہ لوگوں کو پہلے ہی گرفتار کیا جا چکا ہے۔‘‘


اس سے قبل بہار پولیس نے مذکورہ معاملے میں 5 ملزمین کی گرفتاری کا دعویٰ کیا تھا۔ بہار پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ رام نومی کے دوران نالندہ ضلع کے بہار شریف میں فرقہ وارانہ تشدد کے واقعات ہوئے، جس کے نتیجہ میں جان و مال کا نقصان ہوا۔ اس نے رام نومی کے دوران فرقہ وارانہ تشدد کو انجام دینے کی سازش کا پردہ فاش کر دیا ہے اور اس معاملے میں پانچ لوگوں کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔ پولیس نے کہا کہ معاملے کی جانچ کے لیے ایس آئی ٹی تشکیل دی گئی تھی۔ سبھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم اور سائبر اسپیس کی گہرائی سے جانچ کی گئی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔