بہار: این ڈی اے کے انتخابی جلسہ میں لوگوں نے کی جوتے-چپلوں کی برسات!

این ڈی اے امیدوار ویدناتھ پرساد کی انتخابی تشہیر کے لیے پون سنگھ کو ہیلی کاپٹر سے آنا تھا جن کا انتظار ہزاروں لوگ سخت دھوپ میں کر رہے تھے۔ گھنٹوں بعد جب وہ نہیں آئے تو لوگوں کا غصہ پھوٹ پڑا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

بہار میں این ڈی اے امیدوار کے لیے انتخابی تشہیر کرنے کے لیے بھوجپوری اسٹار پون سنگھ کو لوریا کے ساہو جین اسٹیڈیم میں نہ پہنچنے پر جلسہ میں موجود لوگوں نے جم کر ہنگامہ کیا۔ سخت گرمی میں پون کا انتظار کر رہے لوگوں کو جب پتہ چلا کہ وہ نہیں آنے والے، تو وہاں موجود لوگ ناراض اور بے قابو ہو گئے۔ اس دوران ناظرین نے جلسہ گاہ پر موجود بیریکیٹنگ و کرسیوں کو توڑ ڈالا۔

دراصل پون کو بہار میں این ڈی اے امیدوار ویدناتھ پرساد کی انتخابی تشہیر کے لیے پہنچنا تھا۔ جانکاری کے مطابق کچھ لوگوں نے اسٹیج پر جوتے چپل بھی برسائے۔ اس دوران جلسہ میں بھگدڑ مچ گئی جس میں کئی لوگ زخمی ہو گئے۔ قابل غور ہے کہ 12 مئی کو چھٹے مرحلہ کے دوران بہار کی 8 سیٹوں پر ووٹنگ ہوگی۔


میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعرات کو این ڈی اے امیدوار ویدناتھ پرساد کی تشہیر کرنے کے لیے پون سنگھ اور ستیش چندر دوبے سمیت کئی لیڈروں کو ہیلی کاپٹر سے یہاں آنا تھا۔ اس دوران بھوجپوری سپر اسٹار پون سنگھ کو دیکھنے کے لیے ہزاروں لوگ ایک بجے سے ہی سخت دھوپ میں اسٹیڈیم میں جمع ہو نے لگے تھے۔

آرگنائزر اسٹیج سے بار بار پون سنگھ کے اعلان کا اعلان کرتے رہے، لیکن جب 4 گھنٹے تک بھی پون سنگھ نہیں پہنچے تو گرمی سے بے حال لوگوں کے صبر کا باندھ ٹوٹ گیا، جس کے بعد لوگوں نے خوب ہنگامہ کیا۔ بیریکیٹنگ، کرسیاں توڑنے کے بعد اسٹیج پر جوتے چپل پھینکنا شروع کر دیا۔ جانکاری کے مطابق بھیڑ کو بے قابو ہوتا دیکھ جنتا دل یو و بی جے پی لیڈروں نے فوراً اسٹیج سے اترنے میں ہی اپنی بھلائی سمجھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 10 May 2019, 9:10 PM