سو سے زیادہ اموات کے بعد نتیش نے کیا مظفرپور اسپتال کا دورہ، لوگوں کی نعرے بازی

مظفر پور میں ’چمکی بخار‘ کا قہر بڑھتا ہی جا رہا ہے اور اب تک کم و بیش 110 بچوں کی موت ہو چکی ہے۔ حالات انتہائی مشکل ہونے کے بعد نتیش کمار کی نیند کھلی اور وہ اسپتال بیمار بچوں کی عیادت کرنے پہنچے۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

بہار میں چمکی بخار یعنی ایکیوٹ انسفلائٹس سنڈروم (اے ای ایس) سے 17 دنوں میں کم و بیش 110 بچوں کی موت کے بعد آخر کار وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی نیند کھل گئی ہے۔ منگل کو سشاسن بابو بچوں کی موت معاملے میں مظفر پور کے شری کرشن میڈیکل کالج اینڈ ہاسپیٹل میں ڈاکٹروں کے ساتھ میٹنگ کرنے پہنچے۔ یہاں انھوں نے بیمار بچوں کی عیادت بھی کی۔ اس دوران اسپتال میں موجود مہلوک بچوں کے اہل خانہ نے خوب ہنگامہ کیا۔ اسپتال احاطہ میں نتیش کمار کے خلاف نعرے بازی بھی ہوئی۔ اس کے علاوہ اسپتال کے اندر بھی لوگوں نے زبردست توڑ پھوڑ کی۔

وزیر اعلیٰ کے مظفر پور اسپتال دورہ سے قبل پیر کو بہار کے ایک وزیر سے جب پوچھا گیا کہ نتیش کمار اسپتال کا دورہ کریں گے تو انھوں نے جواب دیا تھا ’’وزیر اعلیٰ ہر چیز پر نظر رکھ رہے ہیں۔ کیا ضروری ہے؟ نگرانی کرنا یا مریضوں کا علاج کرنا یا ان سے یہاں ملنے کے لیے آنا؟‘‘


واضح رہے کہ چمکی بخار کی زد میں آنے سے بہار میں سب سے زیادہ اموات مظفر پور کے شری کرشنا میڈیکل کالج اینڈ ہاسپیٹل میں ہی ہوئی ہے جب کہ کیجریوال اسپتال میں 19 بچوں کی جان گئی ہے۔ اس کے علاوہ چمکی بخار کی زد میں آئے 400 سے زائد بچے بہار کے الگ الگ اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی

چمکی بخار سے بچوں کی موت کے بعد مرکزی وزیر صحت ہرش وردھن اور بہار کے وزیر صحت منگل پانڈے کے خلاف بیماری سے پہلے ایکشن نہیں لینے کے الزام میں کیس درج ہوا ہے۔ بچوں کی موت پر حقوق انسانی کمیشن نے مرکز اور ریاستی حکومت کو نوٹس بھی بھیجا ہے۔


قابل ذکر ہے کہ بہار کے 12 اضلاع اس چمکی بخار کی زد میں ہیں۔ سال 2014 میں بھی بہار میں ایسی ہی بیماری دیکھنے کو ملی تھی جس کی زد میں آنے سے 350 سے زائد بچوں کی موت ہو گئی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 18 Jun 2019, 1:01 PM