کٹیہار کے بعد پٹنہ میں بھی ہوئی موب لنچنگ، ڈیزل چور کو بھیڑ نے دی ’سزائے موت‘

ڈیزل چراتے ہوئے نوجوان کو لوگوں نے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا اور بغیر کچھ کہے سنے بے رحمی سے اس کی پٹائی شروع کر دی۔ اس پٹائی سے ڈیزل چور نیم مردہ ہو گیا، اور جب تک پولس اسے اسپتال پہنچاتی، وہ مر گیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

بہار میں ’سُشاسن بابو‘ کا راج ہے لیکن کہیں سے بھی ’سُشاسن‘ دیکھنے کو نہیں مل رہا ہے۔ ملک میں موب لنچنگ کے بڑھتے واقعات کے درمیان بہار میں بھی موب لنچنگ اب معمول کی بات بن گئی ہے۔ 11 نومبر کی ہی بات ہے جب کٹیہار میں مویشی تاجر محمد جمال سے رنگداری کے نام پر کچھ شرپسندوں نے پیسے مانگے اور انکار کرنے پر اسے پیٹ پیٹ کر ہلاک کر دیا گیا۔ اور اب پٹنہ میں موب لنچنگ کا دردناک واقعہ سامنے آیا ہے۔

بہار کی راجدھانی پٹنہ میں ڈیزل چوری کرنے کے الزام میں بھیڑ کے ذریعہ ایک شخص کو پیٹ پیٹ کر ہلاک کیے جانے کی بات سامنے آئی ہے۔ خبروں کے مطابق نوجوان سڑک کے کنارے کھڑی ایک گاڑی سے ڈیزل چرا رہا تھا جب لوگوں نے اسے ایسا کرتے ہوئے دیکھا تو کچھ لوگوں نے اس کو پکڑ کر پیٹنا شروع کر دیا اور اس اندھا دھند پٹائی کی وجہ سے ملزم چور کو شدید چوٹیں آئیں۔


واقعہ راجدھانی پٹنہ کے فتوحہ تھانہ حلقہ واقع نیکا روڈ کا ہے جہاں روزانہ سڑک کے کنارے کافی سارے ٹرک اور بڑی گاڑیاں کھڑی ہوتی ہیں۔ منگل کی دیر رات بھی کئی گاڑیاں سڑک کے کنارے لگی ہوئی تھیں جب ایک شخص کو کسی گاڑی سے ڈیزل چراتے ہوئے دیکھا گیا۔ وہاں موجود لوگوں نے اس شخص کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا اور پھر بغیر کچھ کہے سنے پٹائی شروع کر دی۔ بھیڑ کی اس پٹائی سے چور نیم مردہ ہو کر زمین پر گر گیا۔ نوجوان کو مرتا ہوا دیکھ کر بھیڑ وہاں سے فرار ہو گئی۔

جب واقعہ کی اطلاع مقامی پولس کو ملی تو وہ فوراً پہنچی اور زخمی چور کو اسپتال میں داخل کرایا۔ لیکن خبروں کے مطابق زخموں کی تاب نہ لانے کی وجہ سے چور کی موت راستے میں ہی ہو گئی تھی۔ پولس نے بتایا کہ جب وہ جائے وقوع پر پہنچے تو نوجوان خون سے لتھ پتھ مردہ حالت میں پڑا ہوا تھا۔ نوجوان کی سانسیں چل رہی تھیں اس لیے فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا، لیکن ڈاکٹر نے اسے مردہ قرار دے دیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔