بہار: روہتاس میں شدید سڑک حادثہ، ٹرک-آٹو کی ٹکر میں 4 افراد کی موت، ایک شدید زخمی
حادثہ تلوتھو-ڈہری قومی شاہراہ پر پرانے پٹرول پمپ کے قریب ٹرک ڈرائیور کا گاڑی پر سے توازن بگڑنے سے پیش آیا۔ مہلوکین میں 3 مرد اور ایک خاتون شامل ہیں۔

بہار کے روہتاس ضلع میں پیر کی صبح ایک خوفناک سڑک حادثہ ہوا۔ تلوتھو-ڈہری قومی شاہراہ پر پرانے پٹرول پمپ کے قریب ایک بھرے ہوئے ٹرک اور سواری آٹو کی آمنے سامنے کی زوردار ٹکر ہو گئی۔ حادثے میں آٹو کے اندر بیٹھے 4 لوگوں کی موقع پر ہی موت ہو گئی جبکہ ایک دیگر شخص شدید طور سے زخمی ہے۔ مقامی لوگوں نے زخمی شخص کو فوراً قریبی اسپتال میں داخل کرایا جہاں اس کا علاج جاری ہے۔
یہ حادثہ ہائی وے پر ہوا جہاں روزانہ سینکڑوں گاڑیاں گزرتی ہیں۔ واقعہ کے بعد پورے علاقے میں دہشت پھیل گئی۔ عینی شاہدین کے مطابق ٹرک ڈہری کی طرف جا رہا تھا اور اوور لوڈیڈ ہونے کی وجہ سے ڈرائیور کا توازن بگڑ گیا۔ دوسری طرف سے آ رہے آٹو میں سوار لوگ مقامی ہی تھے جو روزمرہ کے کام پر نکلے تھے۔ ٹکر کے بعد آٹو بُری طرح تباہ ہو گیا اور ٹرک سڑک کنارے اُلٹ گیا۔
مہلوکین میں 3 مرد اور ایک خاتون شامل ہے، لیکن ابھی تک ان کی شناخت پوری طرح سے نہیں ہو سکی ہے۔ اسپتال کے باہر لوگوں کا ہنگامہ مچا ہوا ہے۔ روہتاس پولیس نے فوراً موقع پر پہنچ کر گاڑیوں کو کرین سے ہٹوایا اور ٹریفک کو بحال کیا۔
پولیس نے حادثے کی وجوہات کی جانچ شروع کر دی ہے۔ ابتدائی جانکاری سے پتہ چلتا ہے کہ تیز رفتار اور اوور لوڈنگ سڑک حادثے کی اہم وجہ ہو سکتی ہے۔ ایس پی نے بتایا کہ ڈرائیور کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور گاڑیوں کے فٹنس سرٹیفکیٹ کی بھی جانچ کی جا رہی ہے۔