بہار: کھگڑیا میں جنتادل یو رہنما کا قتل، جرائم پیشہ عناصر سر میں گولی مار کر ہوئے فرار
مہلوک کوشل سنگھ کھگڑیا کے بیلدور سے جے ڈی یو ایم ایل اے پنّا لال سنگھ پٹیل کے بھانجے تھے۔ قتل کی وجہ خاندانی تنازعہ بتائی جا رہی ہے۔

بہار کے کھگڑیا ضلع میں بے خوف جرائم پیشہ عناصر نے جے ڈی یو رہنما کا گولی مار کر قتل کر دیا۔ یہ واقعہ بدھ کی شام پیش آیا۔ مہلوک کی شناخت کھگڑیا ضلع کے بیلدور سے جے ڈی یو ایم ایل اے پنّا لال سنگھ پٹیل کے بھانجے کوشل سنگھ (50 سال) کے طور پر ہوئی ہے۔ وہ اپنی اہلیہ کے ساتھ بائک سے گھر جا رہے تھے، اسی دوران کچھ لوگوں نے ان کی بائک کو راستے میں روکا اور پھر ان میں سے ایک شخص نے ان کے سر میں گولی مار دی۔
گولی مارنے کے بعد جرائم پیشہ عناصر فرار ہو گئے۔ آناً فاناً میں کوشل سنگھ کو علاج کے لیے اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے دیکھنے کے بعد انہیں مردہ قرار دے دیا۔ یہ واقعہ چوتھم تھانہ حلقہ کے کیتھی اور جئے پربھا نگر کے بیچ میں پیش آیا۔ مہلوک کوشل سنگھ فی الحال جنتادل یو میں ضلع جنرل سکریٹری کے عہدے پر تھے۔ ابھی قتل کی وجہ خاندانی تنازعہ کے طور پر سامنے آ رہی ہے۔
ایس پی نیکٹر نے اسپتال پہنچ کر واقعہ کی جانچ کی۔ واقعہ کو لے کر بتایا جا رہا ہے کہ کوشل سنگھ اپنی بیوی کے ساتھ کیتھی کی طرف سے گودام گیا ہوا تھا۔ اس کا گودام پوربی ٹولہ کیتھی اور جئے پربھا نگر کے درمیان این ایچ 107 سے لگا ہوا ہے۔ مہلوک کی بیوی کے مطابق اسی وقت کوشل سنگھ کی کنپٹی پر گولی مار دی گئی۔ اس کے بعد گولی چلانے والا فرار ہو گیا۔
اطلاع کے مطابق جنتادل یو رہنما کوشل سنگھ کے قتل کی واردات کو انجام دینے سے پہلے ہی اس کے آنے جانے کی ریکی کی جا رہی تھی۔ ادھر جس جگہ پر واردات انجام دی گئی وہاں پر سناٹا تھا۔ سناٹے کا فائدہ اٹھا کر جرائم پیشہ عناصر نے اپنے کام کو انجام دے دیا۔
حادثے کی اطلاع ملنے کے بعد جنتادل یو کے ضلع صدر ببلو منڈل بھی اسپتال پہنچے اور مہلوک کے اہل خانہ سے اس سلسلے میں معلومات حاصل کی۔ اس دوران انہوں نے مہلوک کے رشتہ داروں سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے صبر کی تلقین کی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔