بہار: وکاس متروں اور شکچھا سیوکوں کو ٹیبلیٹ-اسمارٹ فون خریدنے کے لیے رقم دے گی حکومت، نتیش کمار کا ایک اور اعلان
حکومت بہار وکاس متروں کو ٹیبلیٹ خریدنے کے لیے یکمشت 25 ہزار اور شکچھا سیوکوں کو اسمارٹ فون کے لیے 10 ہزار روپے دے گی۔ ساتھ ہی وکاس متروں کے ٹرانسپورٹ بھتہ میں بھی اضافہ کر دیا گیا ہے۔

بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے آج ’وکاس متروں‘ اور ’شکچھا سیوکوں‘ کے لیے بڑا اعلان کیا ہے۔ وکاس متروں کو ٹیبلیٹ خریدنے کے لیے حکومت بہار یکمشت 25 ہزار روپے دے گی۔ ساتھ ہی ان کا ٹرانسپورٹ بھتہ بھی بڑھا دیا گیا ہے۔ نئے اعلان کے تحت وکاس متروں کو اب 1900 روپے کی جگہ 2500 روپے ٹرانسپورٹ بھتہ دیا جائے گا۔ دوسری طرف شکچھا سیوکتوں کو اسمارٹ فون خریدنے کے لیے 10 ہزار روپے دیے جائیں گے۔
وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے سوشل میڈیا سائٹ ’ایکس‘ پر حکومت کے فیصلے کی جانکاری دیتے ہوئے لکھا، ’’انصاف کے ساتھ ترقی کے اصول پر چلتے ہوئے سماج کے محروم طبقوں کی ترقی کے لیے ہماری حکومت مسلسل کام کر رہی ہے۔ درج فہرست ذات اور درج فہرست قبائل طبقہ تک حکومت کے مختلف ترقیاتی اور فلاحی منصوبوں کا فائدہ پہنچانے میں وکاس متروں کا کردار اہم ہے۔ اسے دھیان میں رکھتے ہوئے بہار مہادلت وکاس مشن کے تحت کام کر رہے ہر وکاس متر کو ٹیبلیٹ خریدنے کے لیے یکمشت 25 ہزار روپے کی رقم دی جائے گی۔ یہ فیصلہ اس لیے لیا گیا ہے تاکہ انہیں مختلف فلاحی منصوبوں کے مستفیدین کے ڈاٹا مینٹیننس اور دیگر کاغذات میں سہولت ہو سکے۔‘‘
وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے مزید لکھا، ’’مہادلت، دلت، اقلیتی اور انتہائی پسماندہ طبقہ کے بچوں تک تعلیم کا فائدہ اور اکچھر آنچل منصوبہ کے تحت خواتین کو خواندہ بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے شکچھ سیوکوں (تعلیمی مرکز سمیت) کو ڈیجیٹل سرگرمیوں کے عمل کے لیے اسمارٹ فون خریدن کے لیے 10-10 ہزار روپے کی رقم دیئے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔‘‘
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وکاس متروں تدریسی اشیا کے تحت ادائیگی کی جا رہی رقم کو 3405 سے بڑھا کر 6 ہزار روپے فی مرکز ہر سال کیے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے ان فیصلوں سے وکاس متروں اور شکچھا سیوکوں کی حوصلہ افزائی ہوگی اور وہ زیادہ جوش اور لگن سے اپنے کاموں کر سکیں گے۔
واضح رہے کہ بہار میں اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان جلد ہونے والا ہے۔ سبھی سیاسی پارٹیوں نے انتخاب کو لے کر اپنی سرگرمی تیز کر دی ہے۔ نتیش حکومت لگاتار نے نئے اعلانات کر رہی ہے۔ اسی کڑی میں وکاس متروں اور شکچھا سیوکوں کے لیے حکومت بہار نے اپنا تحفہ دیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔