بہار: حکمراں جماعت جے ڈی یو کے رکن اسمبلی اور ان کے بھائی سمیت 3 پر ایف آئی آر، دھوکہ سے زمین قبضہ کرنے کی کوشش

جے ڈی یو رکن اسمبلی امریندر کمار پانڈے، ان کے بھائی ستیش پانڈے سمیت 3 لوگوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ الزام ہے کہ ان لوگوں نے زمین کا فرضی کاغذ بنا کر اس پر قبضہ کرنے کی کوشش کی ہے۔

<div class="paragraphs"><p>ایف آئی آر / آئی اے این ایس</p></div>

ایف آئی آر / آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

گوپال گنج کے کچائے کوٹ اسمبلی حلقہ سے جے ڈی یو رکن اسمبلی امریندر کمار پانڈے، ان کے بھائی ستیش پانڈے سمیت 3 لوگوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ الزام ہے کہ ان لوگوں نے زمین کا فرضی کاغذ بنا کر اس پر قبضہ کرنے کی کوشش کی ہے۔ اس خبر کے بعد سے ہی سیاسی حلقوں میں کھلبلی مچ گئی ہے۔ پولیس نے مختلف زاویے سے معاملہ کی تحقیقات شروع کر دی ہے۔

ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق میرا گنج تھانہ علاقہ کے سیمرا گاؤں کے رہنے والے جتیندر کمار رائے نے کچائے کاٹ تھانہ میں ایک درخواست دی ہے۔ اس میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ ’’ہتھوا تھانہ علاقہ واقع تلسیا گاؤں کے رہنے والے کچائے کوٹ سے جے ڈی یو رکن اسمبلی امریندر کمار پانڈے، ان کے بڑے بھائی ستیش پانڈے اور سیوان ضلع کے کدم موڑ بلیتھا بازار کے رہنے والے بھولا پانڈے نے زمین کی فرضی اور جعلی دستاویز تیار کی ہے۔ اس کے ذریعہ وہ لوگ مظفرپور کے رہنے والے کرن سنہا کی کچائے کوٹ تھانہ علاقہ کے بیلوا واقع زمین پر غیر قانونی طور پر قبضہ کرنے کی کوشش کی ہے۔‘‘


کرن سنہا کی زمین کی دیکھ ریکھ کرنے والے ملازم جتیندر کمار کی تھانہ میں دی گئی درخواست کے مطابق بیلوا گاؤں میں کھاتہ نمبر 38، کھسرہ نمبر 513 ہے، جس کا رقبہ 16 ایکڑ 93 ڈسمل ہے۔ اس زمین پر کاشتکاری کی جاتی ہے، فرضی دستاویز تیار کرا کر اس پر قبضہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ساتھ ہی الزام عائد کیا ہے کہ گزشتہ سال 4 اگست کو جب وہ اپنے کھیت کی جوتائی کر رہے تھے تب 5-4 لوگ ہتھیار لے کر وہاں پہنچے اور انہیں دھمکی دیتے ہوئے کاشتکاری سے روکنے کی کوشش کی تھی۔ قابل ذکر ہے کہ متاثرہ کی درخواست پر کچائے کوٹ تھانے میں مقدمہ نمبر 208/25 درج کر پولیس نے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔