بہار انتخاب: ’ملک و بیرون ملک مقیم بہاریوں کو ای-ووٹنگ کی سہولت فراہم کی جائے‘، الیکشن کمیشن کو میمورینڈم پیش
الیکشن کمیشن دفتر پہنچنے والے وفد نے کہا کہ 6 اور 11 نومبر 2025 کو ہونے والے بہار اسمبلی انتخابات میں ریاست کے باہر رہنے والے لاکھوں بہاری اپنے آبائی علاقوں میں جا کر ووٹ دینے سے قاصر ہیں۔

نئی دہلی: ’بہار واسی آرگنائزیشن‘، دہلی کے ایک وفد نے آج نئی دہلی کے اشوک روڈ واقع الیکشن کمیشن آف انڈیا کے دفتر جا کر چیف الیکشن کمشنر کو ایک میمورنڈم پیش کیا۔ اس میں بہار سے باہر رہنے والے ووٹروں کے لیے ’ای-ووٹنگ‘ کی سہولت مہیا کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ اس وفد میں قاری اسجد زبیر قاسمی (صدر، بہار واسی آرگنائزیشن)، مولانا عبدالسبحان قاسمی، مولانا محمد جاوید صدیقی قاسمی، مولانا قاف اشرف قاسمی (جنرل سکریٹری) اور مفتی کلیم قاسمی شامل تھے۔
وفد نے کہا کہ 6 اور 11 نومبر 2025 کو ہونے والے بہار اسمبلی انتخابات میں ریاست کے باہر رہنے والے لاکھوں بہاری اپنے آبائی علاقوں میں جا کر ووٹ دینے سے قاصر ہیں۔ وہ روزگار، تعلیم، کاروبار، علاج معالجہ اور دیگر ضروریات کے سبب مختلف ریاستوں اور بیرونِ ملک رہائش پذیر ہیں۔ ایسی صورت میں ای-ووٹنگ کی سہولت ان کے لیے اپنے موجودہ مقام سے ہی جمہوری حق کے استعمال کا بہترین ذریعہ ثابت ہو سکتی ہے۔
وفد نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن خود بھی وقتاً فوقتاً ای-ووٹنگ نظام کے نفاذ کی سمت میں پیش رفت کا اعلان کرتا رہا ہے۔ چونکہ بہار ریاست میں اس ٹیکنالوجی کا تجرباتی طور پر کامیاب استعمال کیا جا چکا ہے، لہٰذا آئندہ اسمبلی انتخابات میں اسے وسیع پیمانے پر نافذ کیا جانا چاہیے تاکہ تمام اہل ووٹر، چاہے وہ جہاں بھی ہوں، ووٹنگ کے عمل میں حصہ لے سکیں۔

تنظیم کا کہنا ہے کہ ای-ووٹنگ نظام کے نفاذ سے ووٹر ٹرن آؤٹ میں اضافہ ہوگا، جمہوری شرکت مضبوط ہوگی اور بہار کے عوام کی حقیقی رائے انتخابی نتائج میں بہتر طور پر جھلک سکے گی۔ تنظیم ’بہار واسی آرگنائزیشن‘ نے تمام سیاسی جماعتوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ اس عوامی مفاد کے مطالبے کی حمایت کریں اور ملک و بیرونِ ملک مقیم بہاریوں کو جمہوری عمل میں شریک کرنے کے لیے ای-ووٹنگ سہولت کے نفاذ میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔
ووٹر فہرست سے متعلق پھیلائی جا رہی افواہوں پر وضاحت کا مطالبہ
وفد نے اپنے میمورنڈم میں اس بات پر تشویش بھی ظاہر کی کہ حالیہ دنوں میں کچھ افراد یہ افواہ پھیلا رہے ہیں کہ ’جو ووٹر ووٹنگ نہیں کریں گے ان کے نام ووٹر لسٹ سے حذف کر دیے جائیں گے۔‘ یہ افواہ عوام میں بے چینی اور خوف پیدا کر رہی ہے۔ چنانچہ تنظیم نے الیکشن کمیشن آف انڈیا سے مطالبہ کیا کہ وہ اس سلسلے میں فوری طور پر سرکاری وضاحتی بیان جاری کرے اور عوامی آگاہی مہم چلائے تاکہ یہ واضح ہو سکے کہ:
صرف ووٹ نہ دینے کی بنیاد پر کسی ووٹر کا نام فہرستِ رائے دہندگان سے نہیں ہٹایا جا سکتا۔
ووٹر لسٹ میں کوئی بھی تبدیلی صرف قانونی طریقہ کار کے مطابق ہی ممکن ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔