بہار انتخابات: بی جے پی کی تمام اتحادی جماعتیں نتیش کی قیادت میں الیکشن لڑیں گی، جے پی نڈا

نڈا نے کارکنان سے نتیش کمار کی قیادت میں بہار الیکشن میں ایک ساتھ آنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی نہ صرف اپنے آپ کو مضبوط کرنے میں لگی رہتی ہے بلکہ وہ چاہتی ہے کہ اس کے اتحادی بھی مضبوط ہوں۔

تصوہر سوشل میڈیا
تصوہر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے صدر جگت پرکاش نڈا نے اتوار کو اعلان کیا ہے کہ بہار اسمبلی الیکشن سبھی اتحادی پارٹیاں وزیراعلی نتیش کمار کی قیادت میں الیکشن لڑیں گی اور جیتیں گی۔ جے پی نڈا نے آج بہار پارٹی کی ریاستی ورکنگ کمیٹی کی ورچوؤل میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا بی جے پی، جنتا دل (یونائٹیڈ) اور لوک جن شکتی پارٹی (ایل جے پی) نتیش کمار کی قیادت میں الیکشن لڑیں گی اور اس الیکشن میں جیتیں گی بھی۔ واضح رہے کہ بہار میں اکتوبر-نومبر میں اسمبلی الیکشن ہونے ہیں۔

بی جے پی صدر نے کہا کہ بہار ہی نہیں ملک کی دیگر ریاستوں میں اپوزیشن اب گزرے وقت کی بات ہوگئی ہے۔ انہوں نے پارٹی کارکنان سے نتیش کمار کی قیادت میں بہار الیکشن میں جیتنے کے لئے ایک ساتھ آنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی صرف اپنے آپ کو مضبوط کرنے میں لگی رہتی ہے، وہ چاہتی ہے کہ اس کے اتحادی بھی مضبوط ہوں۔


نتیش کمار کے ریاست میں کورونا وائرس کے انفیکشن کو قابو کرنے کی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے کے پی نڈا نے کہا کہ بہار کا ریکوری ریٹ آج 73.48 فی صد ہے۔ بہار میں گھر گھر جا کر دس کروڑ اسکریننگ کی گئی ہیں۔ ریاست میں کورونا جانچ 35 ہزار سے بڑھ کر آج ایک لاکھ پر پہنچ گئی ہیں۔ اس کے لئے بہار حکومت مبارکباد کی حق دار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس بات کی خوشی ہے کہ بہار نے کووڈ بحران، چاہے بجلی گرنے سے لوگوں کے ہلاک ہونے کا بحران ہو یا سیلاب میں راحت کا کام کرنا ہو، سبھی بہت اچھی طرح کیا ہے۔

جے پی نڈا نے کہا کہ بہار نے سیاسی اور سماجی بیداری کو بہت ہی اوپر رکھا ہے۔ چمپارن ستیہ گرہ ہو یا تعمیر نو تحریک یا پھر جے پرکاش جی کو ہم یاد کریں، تو ہمیں پتہ چلتا ہے کہ جب سبھی نے سمجھوتہ کرلیا تھا، تب بہار نے قیادت کی تھی۔ بہار کے سلسلے میں ہم سب جانتے ہیں کہ ملک کی سیاست میں ایک اہم مقام اس ریاست نے رکھا ہے۔ چاہے وہ سیاسی موضوع ہو، سماجی ہو، ثقافتی ہو، ہر شعبہ میں بہار نے قیادت کی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 23 Aug 2020, 2:54 PM