ریا چکرورتی کی 'اوقات' والے بیان پر بہار ڈی جی پی نے معافی مانگی

بہار ڈی جی پی گپتیشور پانڈے نے 'ریا چکرورتی کی اوقات' والے بیان پر کہا کہ "میں بہت سہل پسند آدمی ہوں۔ میں کسی کی بے عزتی کرنے کے لیے یا تکلیف پہنچانے کے لیے کوئی بات نہیں بولتا۔"

ریا چکرورتی اور گپتیشور پانڈے، تصویر سوشل میڈیا
ریا چکرورتی اور گپتیشور پانڈے، تصویر سوشل میڈیا
user

تنویر

یہ اب فائنل ہو گیا ہے کہ بالی ووڈ اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کی موت معاملہ کی جانچ سی بی آئی کرے گی۔ اس فیصلے کا سبھی نے ایک آواز میں استقبال کیا ہے، لیکن بہار کے ڈی جی پی گپتیشور پانڈے کے ایک بیان سے تنازعہ کھڑا ہو گیا ہے۔ دراصل بہار ڈی جی پی کا ایک ویڈیو وائرل ہو گیا ہے جس میں وہ کہتے ہوئے سنائی دے رہے ہیں کہ "ریا چکرورتی کی اوقات نہیں ہے کہ وہ بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار پر تبصرہ کرے۔"

تنازعہ کھڑا ہونے کے بعد ڈی جی پی گپتیشور پانڈے نے اپنے اس بیان پر معافی کا مطالبہ کیا ہے۔ ہندی نیوز پورٹل 'اے بی پی' پر شائع ایک رپورٹ میں انھوں نے کہا ہے کہ "اگر ان کی بات سے کسی کو تکلیف ہوئی ہے تو وہ معافی مانگتے ہیں۔" لیکن ساتھ ہی انھوں نے واضح لفظوں میں یہ بھی کہا کہ "میں بہت سہل پسند آدمی ہوں۔ میں کسی کی بے عزتی کرنے کے لیے یا تکلیف پہنچانے کے لیے کوئی بات نہیں بولتا۔ کیا ریا چکرورتی اور بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کا موازنہ ہو سکتا ہے؟ ریا چکرورتی خود شبہات کے دائرے میں ہیں اور وہ بہار کے وزیر اعلیٰ پر تبصرہ کرے، یہ مناسب لگتا ہے؟ یہاں تو ایف آئی آر ہوئی ہے اس میں آپ نامزد ہیں تو آپ خود کو بے قصور ثابت کریں۔ قانونی راستہ اختیار کیجیے۔ خود کو بے قصور ثابت کیجیے پھر جو کہنا ہے کہیے۔"


بہار ڈی جی پی نے سوشانت سنگھ راجپوت کی موت معاملہ میں سپریم کورٹ کے ذریعہ سی بی آئی جانچ کا حکم دینے سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ "وہ بہار کے بیٹے تھے اور پورے ملک کی شان تھے۔ سپریم کورٹ کے فیصلہ کے بعد جشن کا ماحول ہے۔ بہار میں پٹاخے چھوٹ رہے ہیں۔ لوگ اس بات سے خوش ہیں کہ اب ٹھیک طرح جانچ ہوگی اور انصاف ملے گا۔" انھوں نے مزید کہا کہ "ہندوستان کے نظامِ انصاف پر عوام کو مکمل بھروسہ ہے۔ سپریم کورٹ کے اس فیصلہ سے یہ بھروسہ مزید بڑھا ہے۔ سچ کبھی ہار نہیں سکتا یہ پیغام عام ہوا ہے۔"

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 19 Aug 2020, 8:39 PM