بہار: نائب وزیر اعلی تیجسوی یادو کا آدھی رات اسپتالوں کا اچانک دورہ، بدانتظامی پر ناراض

تیجسوی یادو نے کہا ’’پی ایم سی ایچ کی حالت خراب ہے۔ یہاں غریب علاج کرانے آتے ہیں لیکن ادویات موجود نہیں ہے، صاف صفائی نہیں کی گئی ہر چیز میں لاپروائی نظر آتی ہے، اس معاملہ میں کارروائی کی جائے گی‘‘

تصویر بشکریہ ٹوئٹر
تصویر بشکریہ ٹوئٹر
user

قومی آوازبیورو

پٹنہ: بہار کے نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو نے آدھی رات کئی سرکاری اسپتالوں کا اچانک دورہ کیا اور بے ضابطگیاں پائے جانے پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کارروائی کا حکم دیا۔ رپورٹ کے مطابق پی ایم سی اچ (پٹنہ میڈیکل کالج اسپتال) کی حالت زار دیکھ کر تیجسوی نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹروں اور عملہ کو پھٹکار لگائی۔ نہ دوائی تھی، نہ صاف صفائی اور نہ ہی اہلکار موجود تھے۔ تیجسوی یادو نے اس پر کہا ہے کہ ’کارروائی کی جائے گی۔‘

رپوٹ کے مطابق تیجسوی یادو نے اسپتال کے عہدیداروں اور مریضوں سے بات کی۔ انہوں نے مریضوں کے سامنے ہی اسپتال کے افسران کو ڈانٹ لگائی۔ انہوں نے مریضوں اور ان کے تیمارداروں کو یقین دلایا کہ تمام انتظامات درست کئے جائیں گے اور کوئی لاپروائی نہیں برتے گا۔


تیجسوی یادو اسپتال کی حالت دیکھ کر حیران تھے۔ انہوں نے دیکھا کہ مریض فرش پر لیٹے ہوئے ہیں اور ہر سو گندگی پھیلی ہے۔ جہاں مریض لیٹے ہیں وہیں میڈیکل فضلہ بھی پڑا ہوا ہے۔ سرد خانہ میں لاشوں کو بھی درست طریقہ سے نہیں رکھا گیا تھا۔ اسپتال کے اندر آوارہ جانور بھی ٹہلتے ہوئے پائے گئے۔

تیجسوی یادو نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا ’’دو اسپتالوں میں مریض نہیں تھے لیکن ڈاکٹر موجود تھے۔ پی ایم سی ایچ کی حالت انتہائی خراب ہے۔ یہاں غریب افراد علاج کرنے کے لئے آتے ہیں، ہمیں دیکھنا تھا کہ وہاں کیا دقتیں ہیں۔ وہاں ادویات، صاف صفائی کا انتظام نہیں ہے اور ہر چیز میں لاپروائی برتی جا رہی ہے۔ اس پر کارروائی کی جائے گی۔‘‘


خبری رساں ایجنسی اے این آئی سے تیجسوی یادو نے کہا ’’ہم نے پی ایم سی ایچ، گارڈنر اور گردنی باغ اسپتال کا دورہ کیا۔ ان میں سے دو اسپتالوں میں ڈالٹر موجود تھے۔ پی ایم سی ایچ کے ٹاٹا وارڈ کی حالت بدتر ہے۔ بہار کے مختلف اضلاع سے علاج کرانے کے لئے آئے لوگوں کا حال جانا۔ میں جاننا چاہتا ہوں کہ اسپتال کن مسائل سے دو چار ہیں۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔