بہار: داروغہ رائے کی پوتی کرشمہ رائے اور جے ڈی یو لیڈر انیل مہاراج آرجے ڈی میں شامل

کرشمہ رائے نے پارٹی میں شامل ہونے کے بعد کہا کہ وہ آرجے ڈی صدر لالو پرساد یادو کے لئے کسی سے بھی ٹکرانے کے لئے تیار ہیں۔ ان کے آئیڈیل آرجے ڈی صدر لالو پرساد یادو ہیں

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

پٹنہ: بہار کے سابق وزیراعلیٰ آنجہانی داروغہ پرساد رائے کی پوتی کرشمہ رائے اور وزیراعلی اور جنتادل یونائٹیڈ ( جے ڈی یو) کے قومی صدر نتیش کمار کے ہوم ضلع نالندہ سے پارٹی کے سنیئر لیڈر انیل مہاراج نے اپنے۔ اپنے حامیوں کے ساتھ راشٹریہ جنتادل (آرجے ڈی) میں شامل ہوگئے۔ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر تیجسوی پرساد یادو اور آرجے ڈی کے ریاستی صدر جگدانند سنگھ کی موجودگی میں یہاں پارٹی کے ریاستی دفتر میں منعقدہ ملن تقریب میں کرشمہ رائے اور انیل مہاراج نے پارٹی میں شامل ہونے کا اعلان کیا۔ اس کے بعد شامل ہوئے دونوں لیڈران کو آرجے ڈی کی رکنیت دلائی گئی۔

کرشمہ رائے نے پارٹی میں شامل ہونے کے بعد کہا کہ وہ آرجے ڈی صدر لالو پرساد یادو کے لئے کسی سے بھی ٹکرانے کے لئے تیار ہیں۔ ان کے آئیڈیل آرجے ڈی صدر لالو پرساد یادو ہیں اور ان کے کنبہ سے ملا پیار ان کو پارٹی کے لئے جدوجہد کرنے کی طاقت فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ سیاست میں آنے کے لئے محرک ان کے دادا سابق وزیراعلیٰ آنجہانی داروغہ پرساد رائے ہیں جو ریاست کے لوگوں کے لئے وقف ہوکر کام کرچکے ہیں۔


آرجے ڈی لیڈر نے کہا کہ میرے چچا چندریکا رائے آرجے ڈی میں شامل ہیں اور رکن اسمبلی ہیں۔ ایسے میں ان کا آرجے ڈی کی رکنیت لینا فطری ہے۔ ان کے دادا، سابق وزیراعلیٰ آنجہانی داروغہ پرساد رائے کے وقت سے ہی ان کے والد ویدھان چندر رائے کے اچھے تعلقات آرجے ڈی صدر سے رہے ہیں۔ دونوں کنبوں کے مابین دہائیوں سے تعلقات رہے ہیں۔ اسمبلی انتخاب لڑنے کے متعلق میں پوچھے گئے سوال پر انہوں نے کہا کہ وہ پارٹی میں کام کرنے کے لئے آئی ہیں۔ ویسے پارٹی جو بھی ذمہ داری دے گی اسے نبھانے کے لئے وہ تیار ہیں۔

وہیں جے ڈی یو چھوڑ کر آرجے ڈی میں شامل انیل مہاراج وزیراعلیٰ نتیش کمار کے ہوم ضلع نالندہ کے مضبوط لیڈر مانے جاتے ہیں۔ تنظیم کے لئے مسلسل کام کرتے رہے ہیں اور وہ اسمبلی انتخاب میں ٹکٹ چاہتے ہیں۔ انیل مہاراج کی نظر استھاواں اسمبلی حلقہ پر ہے لیکن اس حلقہ سے جے ڈی یو کے رکن اسمبلی رہنے کی وجہ سے ان کو ٹکٹ کی امید نظر نہیں آرہی تھی۔


واضح رہے کہ آرجے ڈی صدر لالو پرساد یادو کے بڑے بیٹے اور رکن اسمبلی تیج پڑتاپ یادو اور ان کی اہلیہ ایشوریا رائے کے مابین کورٹ میں طلاق کا معاملہ چل رہا ہے۔ اسی کی وجہ سے ایشوریہ کے والد اور سابق وزیر چندریکا رائے اور آرجے ڈی صدر کے کنبہ کے مابین کافی کشیدگی ہے۔ ایسے میں پیشے سے ڈاکٹر کرشمہ رائے کا آرجے ڈی میں شامل ہونا سیاسی حلقے میں بحث کا موضوع بنا ہوا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔