بہار: ذات پر مبنی مردم شماری کا ڈاٹا ریلیز، اب معاشی سروے کی باری، نتیش نے بلائی کل جماعتی میٹنگ

3 اکتوبر کو طلب کی گئی کل جماعتی میٹنگ میں ذات پر مبنی مردم شماری کی رپورٹ سبھی پارٹیوں کے سامنے رکھی جائے گی اور معاشی سروے پر تبادلہ خیال ہوگا۔

<div class="paragraphs"><p>نتیش کمار، تصویر آئی اے این ایس</p></div>

نتیش کمار، تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

بہار میں 2 اکتوبر کو ذات پر مبنی مردم شماری کا ڈاٹا جاری کر دیا گیا ہے اور سیاسی گہما گہمی شروع ہو گئی ہے۔ بہار ذات پر مبنی مردم شماری کا ڈاٹا ریلیز کرنے والی پہلی ریاست بن گیا ہے اور اب اس رپورٹ کو بہار کی سبھی پارٹیوں کے سامنے رکھے جانے کی تیاری ہے۔ اس کے لیے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی طرف سے کل یعنی 3 اکتوبر کو ایک کل جماعتی میٹنگ طلب کی گئی ہے۔ اس میٹنگ میں ذات پر مبنی مردم شماری کی رپورٹ سبھی پارٹیوں کے سامنے رکھنے کے بعد معاشی سروے پر تبادلہ خیال ہوگا۔

قابل ذکر ہے کہ حکومت بہار نے آج ذات پر مبنی مردم شماری کی رپورٹ جاری کی جس میں بہار کی 215 ذاتوں کی آبادی کے بارے میں بتایا گیا ہے۔ اس رپورٹ کے جاری ہونے کے بعد سے ریاست میں سیاسی ہلچل شروع ہو گئی ہے۔ سیاسی تجزیہ نگار اسے نتیش کمار کا ماسٹر اسٹروک قرار دے رہے ہیں۔ جاری رپورٹ کے مطابق بہار کی آبادی میں تقریباً 63 فیصد عوام کا تعلق پسماندہ طبقہ اور انتہائی پسماندہ طبقہ سے ہے۔ مذہب کی بنیاد پر دیکھا جائے تو ہندوؤں کی آبادی سب سے زیادہ 81.9 فیصد ہے، جبکہ دوسرے نمبر مسلم آبادی ہے جو کہ 17.7 فیصد ہے۔


بہرحال، نتیش کمار کی طرف سے 3 اکتوبر کو طلب کی گئی کل جماعتی میٹنگ میں 9 پارٹیاں حصہ لیں گے۔ کل شام 3.30 بجے بلائی گئی اس میٹنگ میں سبھی پارٹیوں کے سامنے ذات پر مبنی مردم شماری کی رپورٹ رکھی جائے گی اور معاشی سروے کے بارے میں ان سے مشورہ لیا جائے گا۔ میٹنگ میں نتیش کمار ذات پر مبنی مردم شماری کے لیے سبھی پارٹیوں کا شکریہ ادا کرنے کے علاوہ آنے والے وقت میں ہونے والے معاشی سروے کے لیے بھی حمایت حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔