بہار: قانون ساز کونسل انتخابات کے لئے بی جے پی اور جے ڈی یو میں سیٹوں پر اتفاق

خبروں کے مطابق دونوں جماعتوں کے درمیان آدھی آدھی سیٹوں پر انتخاب لڑنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تاہم ابھی تک اس حوالے سے کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا ہے۔

بی جے پی، جے ڈی یو / آئی اے این ایس
بی جے پی، جے ڈی یو / آئی اے این ایس
user

یو این آئی

پٹنہ: بہار میں مقامی بلدیاتی کوٹے سے قانون ساز کونسل کی 24 سیٹوں پر ہونے والے انتخاب کے سلسلے میں قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کی اہم اتحادی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو) کے درمیان 24 نشستوں پر ہونے والے انتخابات کے سلسلے میں اتفاق ہونے کے ساتھ ہی طویل عرصے سے جاری کشمکش کا خاتمہ ہو گیا ہے۔

ذرائع نے ہفتہ کو یہاں بتایا کہ جے ڈی یو کے سابق قومی صدر اور بہار کے وزیراعلی صدر نتیش کمار سے ملاقات کے لئے آئے بی جے پی کے بہار امور کے انچارج اورمرکزی وزیر بھوپیندر یادو کے درمیان تقریباً ایک گھنٹے تک اس معاملے پر غور و خوض کیا گیا، جس کے بعد دونوں پارٹیاں سیٹوں کی تقسیم پر متفق ہوگئیں۔ کونسل کے انتخابات میں اس موقع پر دونوں جماعتوں کے سینئر لیڈڑ بھی موجود تھے۔


جے ڈی یو پچھلے کئی دنوں سے قانون ساز کونسل کے انتخابات میں سیٹوں کی تقسیم کے لیے 50-50 فارمولے کو اختیار کرنے کی بات کر رہی ہے، وہیں بی جے پی 13-11 کے تناسب سے سیٹوں کی تقسیم کی بات کر رہی ہے۔ لیکن اب بتایا جا رہا ہے کہ دونوں جماعتوں کے درمیان آدھی آدھی سیٹوں پر انتخاب لڑنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تاہم دونوں جماعتوں کی جانب سے ابھی تک اس حوالے سے کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا ہے۔

سیاسی حلقوں میں یہ چرچہ ہے کہ یہ بھی تقریباً طے ہوگیا ہے کہ بی جے پی وزیر مکیش ساہنی کی قیادت والی وکاس شیل انسان پارٹی (وی آئی پی) کو ایک بھی سیٹ نہیں دے گی۔ وہیں جے ڈی یو اپنے کوٹے سے وزیراعلی جیتن رام مانجھی کی قیادت والے ہندوستان ہندوستانی عوامی مورچہ (ہم) کو سیٹ دیتی ہے یا نہیں، اس کا فیصلہ جے ڈی یو قیادت کو کرنا ہے۔ جے ڈی (یو) ممکنہ طور پر اپنے کوٹے سے ایک سیٹ مرکزی وزیر پشوپتی کمار پارس کی قیادت والی راشٹریہ لوک جن شکتی پارٹی (آر ایل جے پی) کو دے گی۔


دریں اثناء بی جے پی جے کی جانب سے باضابطہ طور پر جے ڈی یو اور بی جے پی کی مشترکہ پریس کانفرنس کی اطلاع دی گئی ہے۔ اس پریس کانفرنس کو بہار بی جے پی کے انچارج اور مرکزی وزیر بھوپیندر یادو، بی جے پی کے ریاستی صدر ڈاکٹر سنجے جیسوال، نائب وزیر اعلیٰ تارکیشور پرساد اور جے ڈی یو کے سینئر لیڈر اور وزیر وجے چودھری، جے ڈی یو پارلیمانی بورڈ کے قومی صدر اوپیندر کشواہا خطاب کریں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔