بہار اسمبلی انتخاب: ’حکومت آنے پر وقف قانون کو کوڑے دان میں پھینک دیا جائے گا‘، کٹیہار میں تیجسوی کا اقلیتوں سے وعدہ
کٹیہار ضلع میں ایک جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے تیجسوی یادو نے کہا کہ ان کے والد اور آر جے ڈی کے سربراہ لالو پرساد یادو نے ملک میں فرقہ پرست طاقتوں سے کبھی سمجھوتہ نہیں کیا۔

مہاگٹھ بندھن کے وزیر اعلیٰ امیدوار اور آر جے ڈی رہنما تیجسوی یادو نے اتوار کو کہا کہ اگر بہار میں ہماری حکومت آتی ہے تو وقف (ترمیمی) ایکٹ کو کوڑے دان میں پھینک دیا جائے گا۔ کٹیہار ضلع میں ایک جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے تیجسوی یادو نے کہا کہ ان کے والد اور آر جے ڈی کے سربراہ لالو پرساد یادو نے ملک میں فرقہ پرست طاقتوں سے کبھی سمجھوتہ نہیں کیا۔ انہوں نے نتیش کمار کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ ایسی طاقتوں کا ساتھ دیا ہے، جن کی وجہ سے فرقہ وارانہ کشیدگی پیدا ہوتی ہیں۔ انہیں کی وجہ سے آر ایس ایس سے منسلک تنظیمیں ریاست کے ساتھ ساتھ ملک میں بھی فرقہ وارانہ منافرت پھیلا رہے ہیں۔
تیجسوی یادو نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ریاست کے لوگ 20 سال پرانی نتیش حکومت سے تھک چکے ہیں۔ ساتھ ہی ان کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ ہوش میں نہیں ہیں، حکومت کے ہر محکمہ میں بدعنوانی پھیلی ہوئی ہے۔ ریاست میں لا اینڈ آرڈر مکمل طور سے تباہ ہو چکا ہے۔ سابق نائب وزیر اعلیٰ کے مطابق این ڈی اے حکومت نے سیمانچل کی ترقی کے لیے کچھ نہیں کیا ہے۔ اگر ہم اقتدار میں آتے ہیں تو اس علاقے کی مجموعی ترقی کے لیے سیمانچل ڈیولپمنٹ اتھارٹی قائم کریں گے۔
دوسری جانب پٹنہ میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے تیجسوی یادو نے این ڈی اے کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ ’’حکومت بنانے کا دعویٰ کرنے والے لوگ پہلے یہ بتائیں کہ این ڈی اے میں وزیر اعلیٰ کا چہرہ کون ہے۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ این ڈی اے کے پاس دکھانے کے لیے آئندہ 5 سال تک کا کوئی روڈ میپ نہیں ہے۔ لیکن تیجسوی یادو نے جو انتخابی وعدے کیے ہیں اسے حکومت بننے کے بعد نافذ کیا جائے گا۔ ایک ایک وعدہ کو مکمل کرنے کا کام کیا جائے گا، بہار کے لوگوں نے تیجسوی یادو کے 17 ماہ کا کام دیکھا ہے۔
تیجسوی یادو کا کہنا ہے کہ ان کی پارٹی اپنے وعدوں کو پورا کرنے میں یقین رکھتی ہے۔ ہم جو کہتے ہیں، اسے کرتے ہیں۔ ہم نے جتنے بھی وعدے کیے، انہیں مکمل کیا۔ اب جو ہم کہہ رہے ہیں اسے بھی مکمل کریں گے۔ دوسرے لوگ تبصرہ کریں یا تنقید کریں، ہمیں جواب دینے کی ضرورت نہیں ہے۔ ہم عوام کو واضح طور پر بتا رہے ہیں کہ آئندہ 5 سالوں میں ہم کیا کریں گے۔ اس بار بہار کے لوگ تبدیلی کے لیے بے چین ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے مرکزی حکومت کے منصوبوں پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ 2 کروڑ ملازمتیں۔ اسٹارٹ اپ انڈیا، میک ان انڈیا کا کیا ہوا؟ ہم کام کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔