بہار اسمبلی انتخابات: وی آئی پی لیڈر سنتوش کشواہا حامیوں کے ساتھ آر ایل ایس پی میں شامل

بہار میں قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کی حلیف ویکاس شیل انسان پارٹی (وی آئی پی) کے ریاستی تنظیمی انچارج سنتوش کشواہا بڑی تعداد میں اپنے حامیوں کے ساتھ آر ایل ایس پی میں شامل ہو گئے

تصویر بشکریہ ٹوئٹر / @UpendraRLSP
تصویر بشکریہ ٹوئٹر / @UpendraRLSP
user

یو این آئی

پٹنہ: بہارمیں قومی جمہوری اتحاد ( این ڈی اے ) کی حلیف ویکاس شیل انسان پارٹی ( وی آئی پی ) کے ریاستی تنظیمی انچارج سنتوش کشواہا بڑی تعداد میں اپنے حامیوں کے ساتھ آج راشٹریہ لوک سمتا پارٹی ( آ ر ایل ایس پی ) میں شامل ہو گئے۔

آر ایل ایس پی کے قومی صدر اور سابق مرکزی وزیر اپندر کشواہا کی موجودگی میں یہاں پارٹی کے ریاستی دفتر میں منعقدہ ملن تقریب میں سنتوش کشواہا نے اپنے حامیوں کے ساتھ وی آئی پی چھوڑ کر آر ایل ایس پی میں شامل ہونے کا اعلان کیا۔ اس کے بعد شامل ہوئے لیڈران کو ایک ۔ ایک کر کے پارٹی کی رکنیت دلائی گئی ۔

اس موقع پر آر ایل ایس پی کے صدر کشواہا نے وی آئی پی کانام لئے بغیر کہاکہ ” جس پارٹی کو چھوڑ کر سنتوش کشواہا آئے ہیں اس پارٹی کی شناخت انتہائی پسماندہ سماج کی بن رہی تھی لیکن اب وہ بھارتیہ جنتا پارٹی ( بی جے پی ) میں چلے گئے ہیں۔ اس پارٹی کی ذہنیت کے بارے میں سبھی جانتے ہیں۔ میں خود اس اتحاد میں وزیر کے عہدے پر رہتے ہوئے استعفیٰ دے کر نکلا ہوں۔


آر ایل ایس پی صدر نے کہاکہ بی جے پی میں انتہائی پسماندہ ، دلت اور اعلیٰ طبقہ کے غریب لوگوں کے لئے کوئی جگہ نہیں ہے ۔ اس کی کئی مثالیں ہیں۔ انہوں نے کہاکہ لوک جن شکتی پارٹی ( ایل جے پی ) کے صدر چراغ پاسوان اپنا سینا چاک کر بی جے پی میں ہونے کا ثبوت پیش کر رہے ہیں لیکن ان کے لئے وہاں کوئی جگہ نہیں ہے ۔ پاسوان یکطرفہ پیار دکھارہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاسوان ہوں یا اپندر کشواہا ان کی گنجائش بی جے پی میں نہیں ہوسکتی ۔ پاسوان محروم بالخصوص دلت طبقہ کی نمائندگی کرتے ہیں جو بی جے پی برداشت نہیں کرسکتی ۔

کشواہا نے کہاکہ اگر ایل جے پی صدر پاسوان اپنی جان بھی دے دیں گے تو بی جے پی انہیں قبول نہیں کرنے والی ۔ پاسوان ایل جے پی کے بانی رہے سابق مرکزی وزیر آنجہانی رام والاس پاسوان کے بیٹے ہیں اور وہ جھک نہیں سکتے ۔ انہوںنے کہاکہ جنتادل یونائٹیڈ ( جے ڈی یو ) کے قومی صدر اور بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار جھکے ہیں تو ان کی بی جے پی کے ساتھ گنجائش بن رہی ہے ۔ کمار جھکے ہوئے ہیں تو انہیں بی جے پی وزیراعلیٰ بنائے گی ۔


آرایل ایس پی صدر نے کہاکہ سابق مرکزی وزیر رام ولاس پاسوان نے جو وراثت چھوڑی ہے اسے ایل جے پی صدر چراغ پاسوان سنبھالیں نہیں توآگے نہیں چل پائیں گے ۔ وزیراعلیٰ کمار کیوں جھکے ہیں اس کا جواب وہ خود ہی دے سکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ایسے تذکرے ہیں کہ کمار کی مدت کار میں سرجن سمیت کئی بڑے گھوٹالے ہوئے ہیں اور اسی سے بچنے کیلئے وہ بی جے پی کے سامنے بے بس ہیں ۔ ادھر ۔ ادھر کریں گے تو وزیراعلیٰ کی کر سی جائے گی ہی اس کے علاوہ کئی دیگر قانونی پیچیدگیاں بھی انہیں اٹھانی پڑسکتی ہیں ۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔