بہار اسمبلی انتخاب: ’تاڑی کو شراب بندی کے قانون سے الگ کیا جائے گا‘، تیجسوی یادو کا عوام سے وعدہ

تیجسوی یادو نے سارن ضلع کے پرسا میں انتخابی ریلی کے دوران کہا کہ ’’اگر بہار میں مہاگٹھ بندھن کی حکومت آتی ہے تو تاڑی کو شراب بندی قانون سے الگ رکھا جائے گا۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>تیجسوی یادو / آئی اے این ایس</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

بہار میں آئندہ ماہ 2 مرحلوں میں ہونے والے اسمبلی انتخاب کے لیے تمام سیاسی پارٹیاں انتخابی مہم میں مصروف ہیں۔ ووٹرس کو راغب کرنے کے لیے پارٹیاں طرح طرح کے وعدے بھی کر رہی ہیں۔ اسی سلسلہ میں سارن ضلع کے پرسا میں انتخابی ریلی کے دوران مہاگٹھ بندھن کے وزیر اعلیٰ امیدوار تیجسوی یادو نے بڑا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’اگر بہار میں مہاگٹھ بندھن کی حکومت بنی تو تاڑی کو شراب بندی قانون سے الگ رکھا جائے گا۔‘‘

اس سے قبل تیجسوی یادو نے مانجھی حلقہ اسمبلی کے نرپالیا اسپورٹس گراؤنڈ میں منعقد مہاگٹھ بندھن کی ایک روزہ ورکرس کانفرنس کو خطاب کیا۔ کارکنان سے خطاب کے دوران سابق نائب وزیر اعلیٰ بہار تیجسوی یادو نے کہا کہ ’’مہاگٹھ بندھن کی حکومت بننے پر بہار کے ہر خاندان کے ایک ممبر کو روزگار دینے کا وعدہ پورا کیا جائے گا۔‘‘ تیجسوی یادو نے نتیش کمار حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں لوٹ، قتل اور بدعنوانی عروج پر ہے۔


اس درمیان آر جے ڈی رہنما تیجسوی یادو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک ویڈیو پوسٹ کی، جس میں انہوں نے بہار سے باہر رہ رہے لوگوں سے گزارش کرتے ہوئے کہا کہ ’’ٹھیکوا اور پرساد کھا کر واپس پردیس نہیں جانا ہے۔ آپ سب لوگوں کو یہی رکنا ہے، بہار بنانے کے لیے، سرکار بنانے کے لیے۔ چھٹھی میّا کی آشیرواد سے 14 نومبر کو آنے والی حکومت، آپ سب کے لیے بہار میں ہی روزگار کا انتظام کرے گی۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ’’بہار کا کوئی بھی بیٹی، بیٹا مجبوری میں اپنے والدین کو چھوڑ کر باہر جانے پر مجبور نہ ہوں، یہی دعا اور عہد آج کے روز چھٹھی میّا سے کرتے ہیں۔ ہم بہار کی سرزمین کو نئی بلندیوں تک لے جائیں گے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔