بہار اسمبلی انتخاب: وزیر اعظم مودی کی ووٹروں سے جمہوریت کے جشن میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اپیل
بہار میں اسمبلی انتخاب کے پہلے مرحلے کی ووٹنگ شروع ہو گئی۔ وزیر اعظم مودی اور جے پی نڈا نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بڑی تعداد میں ووٹ ڈالیں اور جمہوریت کے اس تہوار میں بھرپور شرکت کریں

نئی دہلی: بہار میں اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے کی ووٹنگ جمعرات کی صبح 7 بجے شروع ہو گئی، جس کے ساتھ ہی ریاست بھر میں جمہوریت کا جشن سا ماحول دیکھنے کو ملا۔ اس موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے قومی صدر جے پی نڈا نے ریاست کے عوام سے بڑی تعداد میں ووٹ ڈالنے کی اپیل کی ہے۔ دونوں رہنماؤں نے اسے جمہوریت کا عظیم تہوار قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہر ووٹر کو اپنے حقِ رائے دہی کا استعمال کرنا چاہئے تاکہ مضبوط اور مستحکم بہار کی بنیاد رکھی جا سکے۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا، ’’بہار میں آج جمہوریت کے اتسو (جشن) کا پہلا مرحلہ ہے۔ میں تمام اہل ووٹروں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ جوش و خروش کے ساتھ ووٹ ڈالیں۔‘‘ انہوں نے پہلی بار ووٹ ڈالنے والے نوجوانوں کو خصوصی طور پر مبارکباد دی اور اپنے پیغام کے آخر میں لکھا، ’’پہلے مت دان (ووٹنگ)، پھر جل پان (ناشتہ)۔
دوسری جانب بی جے پی کے قومی صدر جگت پرکاش نڈا نے بھی ’ایکس‘ پر اپنے پیغام میں بہار کے عوام سے اپیل کی کہ وہ جمہوری عمل میں بھرپور حصہ لیں۔ نڈا نے لکھا، ’’دانش، روایت اور ثقافتی ورثے کی مقدس سرزمین بہار میں آج ووٹنگ کا پہلا مرحلہ شروع ہوا ہے۔ میں تمام ووٹروں خصوصاً نوجوانوں سے کہتا ہوں کہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں ووٹ ڈال کر جمہوریت کے اس جشن میں اپنی شمولیت یقینی بنائیں۔‘‘
جے پی نڈا نے اپنے ایک اور پیغام میں کہا کہ یہ انتخاب بہار میں استحکام لانے اور ترقی کی رفتار کو مزید تیز کرنے کا موقع ہے۔ ان کے مطابق ریاست میں تیز رفتار ترقی کو برقرار رکھنا ہر شہری کی ذمہ داری ہے، اس لیے ووٹنگ میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا ضروری ہے۔
انتخابی انتظامات کے لحاظ سے بہار پولیس اور نیم فوجی دستوں کو پوری ریاست میں تعینات کیا گیا ہے تاکہ ووٹنگ پرسکون ماحول میں مکمل ہو سکے۔ الیکشن کمیشن نے بتایا کہ تمام 18 اضلاع میں سیکورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ حساس اور انتہائی حساس پولنگ بوتھوں پر اضافی گشت اور نگرانی کا بندوبست کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق پہلے مرحلے کی ووٹنگ کے بعد دوسرا مرحلہ 11 نومبر کو ہوگا، جبکہ تمام نشستوں کے نتائج 14 نومبر کو جاری کیے جائیں گے۔ عوامی جوش و خروش کو دیکھتے ہوئے اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ اس بار ووٹنگ فیصد میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ نوجوان ووٹروں کی بڑی تعداد انتخابی نتائج پر اہم اثر ڈال سکتی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔