بہار اسمبلی انتخاب: اے آئی ایم آئی ایم کے قلعہ ’سیمانچل‘ میں اقرا حسن نے مہاگٹھ بندھن کے لیے کی انتخابی تشہیر
اقرا حسن نے کہا کہ ’’موجودہ حکومت بہار کے نوجوانوں کو روزگار نہیں دینا چاہتی، یہاں کے لوگوں کی ترقی نہیں چاہتی۔ بہار کے لوگوں کے لیے سنہری موقع ہے کہ سب لوگ متحد ہو کر اس حکومت کو بدلنے کا کام کریں۔‘‘

بہار میں اسمبلی انتخاب کے پیش نظر تمام سیاسی پارٹیاں انتخابی مہم میں ووٹرس کو اپنی طرف راغب کرنے کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑنا چاہتی ہیں۔ آج اترپردیش کے کیرانہ سے سماجوادی پارٹی کی رکن پارلیمنٹ اقرا حسن بہار میں مہاگٹھ بندھن کے لیے ووٹ مانگتی ہوئی نظر آئیں۔ اس دوران انہوں نے اے آئی ایم آئی ایم کے قلعہ ’کشن گنج‘ میں مہاگٹھ بندھن امیدوار کے لیے ایک ریلی سے خطاب کیا۔
اقرا حسن نے کشن گنج کے قصبہ پوواکھالی میں مہاگٹھ بندھن کے امیدوار سعود عالم کی حمایت میں انتخابی ریلی سے خطاب کے دوران موجودہ حکومت کو نشانے پر لیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت بہار کے نوجوانوں کو روزگار نہیں دینا چاہتی، یہاں کے لوگوں کی ترقی نہیں چاہتی۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ یہ بہار کے لوگوں کے لیے سنہری موقع ہے کہ سب لوگ متحد ہو کر اس حکومت کو بدلنے کا کام کریں۔
اقرا حسن نے خطاب کے دوران کہا کہ اس حکومت کو تبھی بدلا جا سکتا ہے جب لوگ سوجھ بوجھ اور سمجھ داری کے ساتھ یہ اعداد و شمار جوڑیں کہ اس حکومت کو کون شکست دے سکتا ہے، کیونکہ یہ اتحاد اسی لیے بنا ہے۔ اقرا حسن نے لوگوں سے آر جے ڈی امیدوار سعود عالم کے حق میں ووٹ کرنے کی اپیل کی۔ انھوں نے اپنی انتخابی ریلی سے متعلق سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جانکاری بھی دی۔ انھوں نے ایک پوسٹ شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ ’’آج بہار کے ایک حلقہ اسمبلی ٹھاکر گنج ضلع کشن گنج کے قصبہ پوواکھالی میں مہاگٹھ بندھن کے امیدوار سعود عالم جی کی حمایت میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کیا۔‘‘
رپورٹ کے مطابق کیرانہ سے رکن پارلیمنٹ اقرا حسن بہار میں 9 جگہوں پر عوامی جلسوں سے خطاب کر مہاگٹھ بندھن کے امیدواروں کے حق میں ووٹ دینے کی اپیل کریں گی۔ ان کے انتخابی مہم کا آغاز آج ٹھاکر گنج حلقہ اسمبلی سے ہوا، جہاں انہوں نے آر جے ڈی امیدوار سعود عالم کی حمایت میں ریلی کی۔ اس کے بعد وہ کشن گنج حلقہ اسمبلی میں طیب پور چوک، چچواباری چوک اور چھترگاچھ میں کانگریس امیدوار قمر الہدیٰ کے لیے جلسہ عام سے خطاب کریں گی۔ آخر میں وہ کوچادھامن حلقہ اسمبلی میں بیلوا چوک اور سالکی چوک پر آر جے ڈی امیدوار ماسٹر مجاہد عالم کے حق میں جلسہ عام سے خطاب کریں گی۔
واضح رہے کہ 2020 اسمبلی انتخاب کے بعد سے ہی اے آئی ایم آئی ایم کی نظریں مسلم اکثریتی سیمانچل پر مرکوز ہیں اور اب اسے مجلس یا اویسی کا قلعہ تصور کیا جاتا ہے۔ گزشتہ اسمبلی انتخاب میں اویسی کی پارٹی کو 5 سیٹیں آئی تھیں، ان میں سے اختر الایمان کو چھوڑ کر دیگر 4 اراکین اسمبلی آر جے ڈی میں شامل ہو گئے تھے۔ قابل ذکر ہے کہ بہار کی 243 اسمبلی سیٹوں کے لیے 2 مرحلوں میں انتخاب ہونے جا رہا ہے۔ پہلے مرحلہ کے لیے 6 نومبر کو ووٹنگ ہوگی، جبکہ دوسرے مرحلہ کی ووٹنگ 11 نومبر کو ہوگی۔ انتخاب کے نتائج کا اعلان 14 نومبر کو کیا جائے گا۔ ریاست میں براہ راست مقابلہ مہاگٹھ بندھن اور این ڈی اے کے درمیان مانا جا رہا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔