بہار اسمبلی انتخاب: الیکشن کمیشن کے افسران 4 اور 5 اکتوبر کو کریں گے بہار کا دورہ، کل مبصرین کی دہلی میں ہوگی میٹنگ

الیکشن کمیشن نے بہار میں آئندہ اسمبلی انتخاب کے لیے 320 آئی اے ایس اور 60 آئی پی ایس افسران سمیت مجموعی طور پر 470 افسران کو مرکزی مبصرین کی شکل میں تعینات کرنے کا فیصلہ لیا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>الیکشن کمیشن، تصویر آئی اے این ایس</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

بہار میں اسمبلی انتخاب کے لیے تاریخوں کا اعلان آئندہ ہفتہ کے شروع میں ہو سکتا ہے۔ اس سلسلے میں الیکشن کمیشن نے سرگرمی شروع کر دی ہے۔ انتخابی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار الیکشن کمیشن کے دونوں الیکشن کمشنرز سکھبیر سنگھ سندھو اور وویک جوشی کے ساتھ 4 اور 5 اکتوبر کو بہار کا دورہ کریں گے۔ اس دوران وہ چیف الیکٹورل افسر اور دیگر ریاستی افسران کے ساتھ انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے میٹنگیں کریں گے۔

چیف الیکشن کمشنر کے بہار دورہ سے قبل الیکشن کمیشن کی جانب سے مقرر کیے گئے مبصرین کی ایک اہم میٹنگ کل، یعنی جمعہ کو دہلی میں ہوگی۔ اس میٹنگ میں انتخابات سے متعلق تمام مبصرین، پولیس اور دیگر افسران شامل ہوں گے۔ عام طور پر انتخابات کی تاریخوں کا اعلان الیکشن کمیشن کے مکمل رکن کے متعلقہ ریاست کے دورہ کے بعد ہی کیا جاتا ہے۔ اس لیے یہ امید کی جا رہی ہے کہ بہار اسمبلی انتخاب کا اعلان 5 اکتوبر کے بعد کسی بھی وقت ہو سکتا ہے۔


قابل ذکر ہے کہ الیکشن کمیشن نے بہار میں آئندہ اسمبلی انتخاب کے لیے 320 آئی اے ایس اور 60 آئی پی ایس افسران سمیت مجموعی طور پر 470 افسران کو مرکزی مبصر کے طور پر تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان مبصرین کی تعیناتی بہار کے علاوہ 8 ریاستوں میں ہونے والے ضمنی اسمبلی انتخابات کے لیے بھی کی جائے گی۔ جمعہ کی میٹنگ کا انعقاد دوارکا میں انڈیا انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ڈیموکریسی اینڈ الیکشن مینجمنٹ (آئی آئی آئی ای ڈی ایم) میں صبح 10 بجے ہوگی۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے ایس آئی آر کا عمل مکمل ہونے کے بعد حتمی ووٹر لسٹ بھی جاری کر دی ہے۔ حتمی ووٹر لسٹ میں 14 لاکھ نئے ووٹرز شامل کیے گئے ہیں۔ کوئی بھی شخص الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ (https://voters.eci.gov.in) پر دیے گئے لنک کے ذریعے ووٹر لسٹ میں اپنی تفصیل دیکھ سکتا ہے۔ بہرحال، ایس آئی آر کا عمل شروع ہونے کے بعد 24 جون کو بہار میں 7.89 کروڑ ووٹرس تھے، جبکہ ڈرافٹ لسٹ جاری ہونے سے پہلے 65 لاکھ ووٹرس کے نام حذف کر دیے گئے تھے۔ اس طرح ووٹر لسٹ میں 7.24 کروڑ ووٹرس رہ گئے۔ بعد ازاں ڈرافٹ لسٹ میں سے 4 لاکھ غیر اہل ووٹرس کو ہٹایا گیا اور فارم 6 کے ذریعے 21 لاکھ اہل ووٹرس کو شامل کیا گیا۔ 30 ستمبر کو جاری حتمی ووٹر لسٹ جب جاری ہوئی تو اس میں 7.41 کروڑ ووٹرس کے نام شامل تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔