LIVE: بہار میں 2 مراحل میں کرائے جائیں گے اسمبلی انتخابات، 6 اور 11 نومبر کو ہوگی ووٹنگ، 14 نومبر کو آئے گا نتیجہ

بہار اسمبلی انتخاب کو لے کر سرگرمیاں اپنے عروج پر پہنچ گئی ہیں۔ این ڈی اے اور انڈیا بلاک کی پارٹیاں ووٹرس کو اپنی طرف متوجہ کرنے کے لیے خوب انتخابی وعدے کر رہی ہیں، لیکن اس مرتبہ اصل ایشو بے روزگاری اور ہجرت رہنے والا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

06 Oct 2025, 4:38 PM

6 اور 11 نومبر کو 2 مراحل میں ڈالے جائیں گے ووٹ، 14 نومبر کو آئے گا ریزلٹ

الیکشن کمیشن نے بہار میں 2 مراحل میں انتخابات کرانے کا اعلان کیا ہے۔ پہلے مرحلہ کے لیے 6 نومبر کو اور دوسرے مرحلہ کے لیے 11 نومبر کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔ چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار نے مطلع کیا کہ انتخابات کے نتائج 14 نومبر کو سامنے آئیں گے، اور 16 نومبر تک اسمبلی انتخاب سے متعلق سبھی کارروائیوں کو انجام دے دیا جائے گا۔ انھوں نے یہ بھی جانکاری دی کہ پہلے مرحلہ میں 121 اسمبلی سیٹوں پر اور دوسرے مرحلہ میں 122 اسمبلی سیٹوں پر ووٹنگ ہوگی۔

06 Oct 2025, 4:18 PM

ہر پولنگ بوتھ پر ویب کاسٹنگ کا ہوگا انتظام: چیف الیکشن کمشنر

چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار نے پریس کانفرنس میں جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ بہار اسمبلی انتخاب میں سبھی پولنگ بوتھ پر ویب کاسٹنگ کا انتظام ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ ووٹنگ کے عمل کو شفاف اور آسان بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی گئی ہے۔ ووٹرس کی سہولت کو پیش نظر رکھتے ہوئے یہ یقینی بنایا جائے گا کہ ایک بوتھ پر 1200 سے زائد ووٹرس نہ ہوں۔ الیکشن کمیشن کے اعداد و شمار کے مطابق بہار میں مجموعی طور پر 90712 پولنگ مراکز بنائے گئے ہیں، جہاں اوسطاً فی مرکز 818 ووٹرس رجسٹرڈ ہیں۔ ان میں سے 76801 پولنگ مراکز دیہی علاقوں میں ہیں، جبکہ 13911 شہری علاقوں میں واقع ہیں۔ الیکشن کمشنر نے یہ بھی جانکاری دی کہ 1350 ماڈل پولنگ مراکز قائم کیے گئے ہیں تاکہ ووٹرس کو بہتر سہولیات مل سکیں۔

06 Oct 2025, 4:13 PM

اس بار پہلی مرتبہ ووٹ دینے والوں کی تعداد تقریباً 14 لاکھ ہے

بہار میں اسمبلی کی 243 سیٹوں کے لیے ہونے والے انتخاب کی تاریخوں کا اعلان جلد ہی ہونے والا ہے۔ الیکشن کمیشن کی پریس کانفرنس جاری ہے اور چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار انتخاب سے متعلق تیاریوں کی جانکاریاں دے رہے ہیں۔ اس دوران انھوں نے بتایا کہ اس مرتبہ پہلی بار ووٹ دینے والے ووٹرس کی تعداد تقریباً 14 لاکھ ہے۔


06 Oct 2025, 4:03 PM

7 ریاستوں کی 8 اسمبلی سیٹوں پر ضمنی انتخاب کا بھی ہوگا اعلان

الیکشن کمیشن آج صرف بہار اسمبلی انتخاب کے لیے تاریخوں کا ہی اعلان نہیں کرے گا، بلکہ 7 ریاستوں کی 8 اسمبلی سیٹوں پر ضمنی انتخابات کا بھی اعلان ہوگا۔ جن سیٹوں پر ضمنی انتخابات ہوں گے، ان میں راجستھان کی انٹا، جموں و کشمیر کی بڈگام و ناگروٹا، پنجاب کی ترن تارن، جھارکھنڈ کی گھاٹ شلا، تلنگانہ کی جبلی ہلز، میزورم کی ڈامپا اور اڈیشہ کی نواپاڑہ سیٹیں شامل ہیں۔

06 Oct 2025, 3:58 PM

الیکشن کمیشن کی پریس کانفرنس 4 بجے، تھوڑی دیر میں بہار اسمبلی انتخاب کے لیے تاریخوں کا ہوگا اعلان

بہار اسمبلی انتخاب کو لے کر سرگرمیاں اپنے عروج پر پہنچ گئی ہیں۔ این ڈی اے اور انڈیا بلاک کی پارٹیاں ووٹرس کو اپنی طرف متوجہ کرنے کے لیے خوب انتخابی وعدے کر رہی ہیں، لیکن اس مرتبہ اصل ایشو بے روزگاری اور ہجرت رہنے والا ہے۔ الیکشن کمیشن کے افسران نے گزشتہ دنوں بہار کا دورہ کر اسمبلی انتخاب کی تیاریوں کا جائزہ بھی لے لیا ہے اور آج 4 بجے پریس کانفرنس ہے جس میں انتخاب کے لیے تاریخوں کا اعلان کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی ماڈل کوڈ آف کنڈکٹ بھی نافذ ہو جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔