بہار اسمبلی انتخاب: کانگریس کے 'اسٹار کمپینرس' کی فہرست میں سونیا، منموہن، راہل، پرینکا کا نام شامل

اسٹار کمپینرس کی فہرست میں غلام نبی آزاد، شکتی سنگھ گوہل، شکیل احمد، رندیپ سنگھ سرجے والا کے علاوہ شتروگھن سنہا، بھوپیش بگھیل، اشوک گہلوت، امرندر سنگھ اور سچن پائلٹ کا نام بھی شامل ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

تنویر

بہار میں اسمبلی انتخاب کے پیش نظر کانگریس نے بھی اپنے اسٹار کمپینرس کی فہرست جاری کر دی ہے۔ 28 اکتوبر کو ہونے والے پہلے مرحلہ کی ووٹنگ کے پیش نظر پارٹی کے ذریعہ 30 اسٹار کمپینرس کی فہرست جاری ہوئی ہے جس میں کانگریس صدر سونیا گاندھی، سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ، راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی جیسے نام شامل ہیں۔ کانگریس نے الیکشن کمیشن آف انڈیا کو بھی یہ فہرست بھیج دی ہے۔

بہار اسمبلی انتخاب کے لیے اسٹار کمپینرس کی فہرست میں کانگریس کے سینئر لیڈران غلام نبی آزاد، شکتی سنگھ گوہل، شکیل احمد، رندیپ سنگھ سرجے والا اور شتروگھن سنہا کے بھی نام شامل ہیں۔ علاوہ ازیں کانگریس حکمراں ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ بھوپیش بگھیل، اشوک گہلوت، امرندر سنگھ اور سابق لوک سبھا اسپیکر میرا کمار کے ساتھ ساتھ راج ببر، پرمود تیواری، سچن پائلٹ اور طارق انور بھی انتخابی تشہیر کا حصہ بنیں گے۔


جن 30 اسٹار کمپینرس کی فہرست کانگریس نے جاری کی ہے ان میں مدن موہن جھا، نکھل کمار، سدانند سنگھ، اکھلیش پرساد سنگھ، کیرتی آزاد، سنجے نروپم، ادت راج، عمران پرتاپ گڑھی، پریم چندر مشرا، انل شرما، اجے کمار، ویریندر سنگھ راٹھوڑ بھی شامل ہیں۔ اس فہرست کے ساتھ ہی کانگریس نے انتخابی تشہیری مہم کا ایک طرح سے آغاز کر دیا ہے۔ اب ان لیڈروں کے بہار روانگی کا سلسلہ شروع ہوگا۔

واضح رہے کہ بہار اسمبلی انتخاب میں آر جے ڈی اور بایاں محاذ پارٹیوں کے ساتھ کانگریس مہاگٹھ بندھن کی اہم شریک پارٹی ہے۔ پارٹی کو 243 رکنی اسمبلی میں انتخاب لڑنے کے لیے 70 سیٹیں حاصل ہوئی ہیں۔ 28 اکتوبر کو ہونے والے پہلے مرحلہ کے انتخاب میں کانگریس 21 سیٹوں پر انتخاب لڑ رہی ہے۔ اس مرحلہ کے لیے نامزدگی کا دور ختم ہو گیا ہے۔ اب ان سیٹوں پر زور و شور سے تشہیری مہم چلائی جائے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */