بہار انتخاب: سبھی ایگزٹ پول میں نتیش کی حکمرانی ختم، تیجسوی کے سر سجے گا وزیر اعلیٰ کا سہرا!

کئی اداروں نے وزیر اعلیٰ چہرہ کو لے کر بھی سروے کیا جس میں تیجسوی یادو نتیش کمار سے آگے نکلتے ہوئے نظر آئے۔ آئیے دیکھتے ہیں کہ کس ادارہ کے ایگزٹ پول میں کس پارٹی کو مل رہی ہیں کتنی سیٹیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

تنویر

بہار اسمبلی انتخاب کے پیش نظر تیسرے اور آخری مرحلے کی ووٹنگ ختم ہونے کے ساتھ ہی مختلف ٹی وی چینلوں اور سروے کرنے والے اداروں نے اپنا اپنا ایگزٹ پول پیش کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا۔ 243 اسمبلی سیٹوں والی اس ریاست میں اکثریت کے لیے 122 سیٹوں کی ضرورت ہوتی ہے، اور اگر سبھی ایگزٹ پول پر سرسری نظر ڈالی جائے تو اہم بات یہ نکل کر سامنے آتی ہے کہ بیشتر نے نتیش کی قیادت والے این ڈی اے کو اقتدار سے بے دخل کر دیا ہے اور مہاگٹھ بندھن کے لیڈر تیجسوی یادو پر اعتماد ظاہر کیا ہے۔ کئی اداروں نے وزیر اعلیٰ چہرہ کو لے کر بھی سروے کیا جس میں تیجسوی یادو نتیش کمار سے آگے نکلتے ہوئے نظر آئے۔ آئیے دیکھتے ہیں کہ کس ادارہ کے ایگزٹ پول میں کس پارٹی کو مل رہی ہے کتنی سیٹیں۔

اے بی پی نیوز- سی ووٹر ایگزٹ پول:

بہار میں تیسرے مرحلے کی پولنگ ختم ہونے کے بعد ایگزٹ پول آنے کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ اس درمیان اے بی پی نیوز-سی ووٹر سروے نے این ڈی اے اور مہاگٹھ بندھن میں زبردست ٹکر دکھائی ہے۔ مہاگٹھ بندھن نے این ڈی اے پر معمولی سبقت بنا رکھی ہے۔ یہ سروے آج شام 5 بجے تک کا ہے جس میں این ڈی اے 104 سے 128 سیٹیں حاصل کرتی ہوئی نظر آ رہی ہے جب کہ مہاگٹھ بندھن 108 سے 131 سیٹیں حاصل کرتی ہوئی معلوم پڑ رہی ہے۔ اگر ایگزٹ پول میں پارٹی کو حاصل سیٹوں کی بات کریں تو آر جے ڈی کو 81 سے 89 سیٹیں، بی جے پی کو 66 سے 74 سیٹیں، جنتا دل یو کو 38 سے 46 سیٹیں اور کانگریس کو 21 سے 29 سیٹیں حاصل ہوتی ہوئی نظر آ رہی ہیں۔ اس کے علاوہ ایل جے پی کو 1 سے 3 سیٹیں اور دیگر کو 4 سے 8 سیٹیں مل رہی ہیں۔

آج تک-ایکسس مائی انڈیا سروے:

آج تک-ایکسس مائی انڈیا ایگزٹ پول میں بھی بہار میں مہاگٹھ بندھن حکومت بہ آسانی بنتی ہوئی نظر آ رہی ہے۔ اس ادارہ نے مہاگٹھ بندھن کو 139 سے 161 سیٹیں ملنے کا رجحان ظاہر کیا ہے، جب کہ این ڈی اے 69 سے 91 سیٹیوں تک محدود ہوتی ہوئی نظر آ رہی ہے۔ ایل جے پی کو محض 3 سے 5 سیٹیں مل سکتی ہیں۔ قابل ذکر یہ بھی ہے کہ مہاگٹھ بندھن کو 44 فیصد ووٹ شیئر اور این ڈی اے کو 39 فیصد ووٹ شیئر ملنے کا رجحان ہے۔


ٹائمز ناؤ- سی ووٹر سروے:

اس ایگزٹ پول میں این ڈی اے اور مہاگٹھ بندھن کے درمیان زبردست ٹکر دیکھنے کو مل رہی ہے۔ کسی بھی اتحاد کو اکثریت حاصل ہوتی ہوئی نظر نہیں آ رہی ہے، لیکن مہاگٹھ بندھن کچھ سیٹوں سے این ڈی اے سے آگے ضرور دکھائی دے رہا ہے۔ ’ٹائمز ناؤ-سی ووٹر‘ سروے میں برسراقتدار این ڈی اے کو 116 سیٹیں ملتی ہوئی نظر آ رہی ہیں جب کہ مہاگٹھ بندھن کو 120 سیٹیں مل سکتی ہیں۔ علاوہ ازیں ایل جے پی کو 1 سیٹ اور دیگر کو 6 سیٹیں ملتی ہوئی معلوم پڑ رہی ہیں۔ گویا کہ اقتدار کی چابھی دیگر کے ہاتھوں میں ہو سکتی ہے۔

ٹوڈیز چانکیہ ایگزٹ پول:

بہار اسمبلی انتخاب کو لے کر ٹوڈیز چانکیہ نے اپنے سروے میں حیران کرنے والے اعداد و شمار پیش کیے ہیں۔ اس ایگزٹ پول میں مہا گٹھ بندھن کا زبردست دبدبہ نظر آ رہا ہے کیونکہ آر جے ڈی، کانگریس اور بایاں محاذ پارٹیاں 180 سیٹیں حاصل کرتی ہوئی معلوم پڑ رہی ہیں۔ این ڈی اے کو صرف 55 سیٹیں مل رہی ہیں جب کہ دیگر کے حصے میں 8 سیٹیں جاتی ہوئی نظر آ رہی ہیں۔

ریپبلک بھارت-جن کی بات ایگزٹ پول:

بہار انتخاب کو لے کر ’ریپبلک بھارت-جن کی بات‘ ایگزٹ پول میں مہاگٹھ بندھن 138 سیٹیں حاصل کر سکتا ہے۔ سروے میں این ڈی اے کو 91 سے 117 سیٹیں ملنے کا امکان ہے جب کہ مہاگٹھ بندھن کے حصے میں 118 سے 138 سیٹیں جا سکتی ہیں۔ ایل جے پی کو 5 سے 8 سیٹ ملنے کا اندازہ ہے اور دیگر کو 3 سے 6 سیٹیں مل سکتی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 07 Nov 2020, 8:11 PM