بہار میں اویسی کو جھٹکا! پارٹی کے 5 میں سے 4 ارکان اسمبلی آر جے ڈی میں شامل

تیجسوی یادو نے بذات خود میڈیا کو دیئے گئے اپنے بیان میں کہا کہ آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے چار ارکان اسمبلی نے آر جے ڈی کا دامن تھام لیا ہے۔

تیجسوی، اویسی / تصویر بشکریہ اے بی پی نیوز
تیجسوی، اویسی / تصویر بشکریہ اے بی پی نیوز
user

قومی آوازبیورو

پٹنہ: بہار میں ایک مرتبہ پھر آر جے ڈی سب سے بڑی پارٹی بن گئی ہے۔ دراصل مکیش سہنی کی جماعت کے ارکان اسمبلی نے بی جے پی میں شمولیت اختیار کر لی ہے جس کے بعد بی جے پی بہار میں سب سے بڑی پارٹی بن گئی تھی۔ تاہم بدھ کے روز تیجسوی یادو نے اعلان کیا کہ اسد الدین اویسی کی جماعت آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے ممبر اسمبلی آر جے ڈی میں شامل ہو گئے ہیں۔

چاروں ممبران جنہوں نے آر جے ڈی میں شمولیت اختیار کی ہے وہ شاہنواز، اظہار، انظار نعیمی، سید رکن الدین ہیں۔ جبکہ پانچویں رکن اسمبلی اختر الایمان نے مجلس کا ساتھ نہیں چھوڑا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق قائد حزب اختلاف تیجسوی یادو بدھ کے روز خود گاڑی چلا کر اے آئی ایم آئی ایم کے چاروں ارکان اسمبلی کو اسمبلی اسپیکر وجے سنہار کے چیمبر میں لے گئے۔ یہاں سے نکلنے کے بعد انہوں نے بتایا کہ چار قانون سازوں نے آر جے ڈی میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔


اس سے قبل یوپی اسمبلی انتخابات کے بعد بھی مجلس کے لیڈر گڈو جمالی نے اویسی کا ساتھ چھوڑ دیا تھا۔ مجلس نے یوپی میں تقریباً 100 سیٹوں پر اپنے امیدوار اتارے تھے، جن میں سے واحد گڈو جمالی ہی ایسے تھے جن کی ضمانت ضبط نہیں ہوئی تھی۔ گڈو نے بعد میں بی ایس پی میں شمولیت اختیار کر لی اور حال ہی میں ہوئے ضمنی انتخاب میں اعظم گڑھ سے مقابلہ کیا۔ یہاں گڈو جمالی جیت تو نہیں سکے لیکن انہوں نے خاصی تعداد میں ووٹ حاصل کر کے بی ایس پی کارکنان میں جوش ضرور پیدا کر دیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 29 Jun 2022, 3:40 PM