بہار: ستیہ نارائن پوجا کے بعد پرساد کھانے سے 30 افراد بیمار، اسپتال میں داخل

سیدپور گاؤں کے وارڈ نمبر 11 میں پرکاش شرما کے گھر بھگوان ستیہ نارائن کی پوجا ہوئی تھی جس میں آس پاس کے لوگ شامل ہوئے تھے، پوجا کے بعد لوگوں نے پرساد کھایا جس کے بعد ان کی حالت بگڑ گئی۔

پرساد علامتی تصویر
پرساد علامتی تصویر
user

قومی آوازبیورو

بہار میں ایک بار پھر پرساد کھانے سے کئی لوگوں کے بیمار ہونے کی اطلاع موصول ہو رہی ہے۔ واقعہ کھگڑیا ضلع کا ہے جہاں ستیہ نارائن کی پوجا کے بعد ملے پرساد کو کھانے سے 30 سے زائد افراد بیمار ہو گئے اور انھیں فوری طور پر اسپتال میں داخل کرانا پڑا۔ بیمار پڑنے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل بتائے جا رہے ہیں۔ واقعہ کی جانکاری ملتے ہی ضلع مجسٹریٹ ڈاکٹر آلوک رنجن گھوش صدر اسپتال پہنچے اور زیر علاج افراد کی خیریت دریافت کی۔ ضلع مجسٹریٹ نے ڈاکٹر اور اسپتال انتظامیہ کو بیماروں کا بہتر علاج کرنے کی ہدایت دی ہے۔

بیمار لوگوں کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ سیدپور گاؤں کے وارڈ نمبر 11 میں پرکاش شرما کے گھر بھگوان ستیہ نارائن کی پوجا ہوئی تھی جس میں آس پاس کے لوگ شامل ہوئے تھے۔ پوجا کے بعد لوگوں نے پرساد کھایا جس کے بعد ان کی حالت بگڑ گئی۔ ایک ساتھ کئی لوگ بیمار ہو گئے۔ مریضوں کی تعداد بڑھنے کے بعد تین ایمبولنس سے گاؤں کے لوگوں کو اسپتال پہنچایا گیا۔


اسپتال میں زیر علاج مریضوں کی حالت اس وقت مستحکم بتائی جا رہی ہے۔ ضلع مجسٹریٹ نے مریضوں سے ملاقات کے بعد کہا کہ یہ فوڈ پوائزننگ کا معاملہ معلوم پڑتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ پوجا کا پرساد کھانے سے 30 سے 32 لوگ بیمار ہوئے ہیں۔ ابھی 27 سے 28 لوگوں کو صدر اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے اور ان کی تعداد بڑھ سکتی ہے۔ حالات قابو میں ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ پرساد کھانے سے بیمار ہوئے لوگوں کو دست اور الٹیاں ہو رہی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔