بہار ادھیکار یاترا: ’پچھلی بار نہ صرف ہمارے ووٹ چرائے گئے، بلکہ ہماری سیٹیں بھی چرائی گئیں‘، این ڈی اے پر برسے تیجسوی

تیجسوی نے سوال پوچھا کہ ’’گزشتہ 20 سالوں میں این ڈی اے نے لوگوں کے لیے کیا کیا ہے؟ انہوں نے بہار کو لوٹا ہے اور اب بھی لوٹ رہے ہیں۔ بہار کے لوگ سب جانتے ہیں۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>’بہار ادھیکار یاترا‘ کے دوران تیجسوی یادو، تصویربشکریہ&nbsp;@RJDforIndia</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

بہار کے سابق نائب وزیر اعلیٰ اور آر جے ڈی رہنما تیجسوی یادو کا ’بہار ادھیکار یاترا‘ ہفتہ (20 ستمبر) کو ویشالی ضلع میں اختتام پذیر ہوا۔ اس موقع پر ہزاروں کی تعداد میں عوام اور پارٹی کے کارکنان ان کی ریلی میں شامل رہے۔ ساتھ ہی تیجسوی یادو نے یہاں ایک عظیم الشان جلسۂ عام کو خطاب بھی کیا۔ اس دوران انہوں نے موجودہ حکومت پر جم کر حملہ بولا اور لوگوں سے آئندہ اسمبلی انتخاب میں مہاگٹھ بندھن کی بہتر حکومت دینے کا بھی وعدہ کیا۔

تیجسوی یادو نے ’اے این آئی‘ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’گزشتہ 20 سالوں میں این ڈی اے نے لوگوں کے لیے کیا کیا ہے؟ انہوں نے بہار کو لوٹا ہے اور اب بھی لوٹ رہے ہیں۔ انتظامیہ کا استعمال کر کے اپوزیشن کو پریشان کیا، کئی افسران کے گھروں میں پیسے مل رہے ہیں۔ بہار کے لوگ سب جانتے ہیں۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ جب ہماری حکومت بنے گی تو ہم کسی بھی بدعنوان یا مجرم کو نہیں چھوڑیں گے خواہ وہ کوئی بھی ہو۔ پچھلی بار نہ صرف ہمارے ووٹ چرائے گئے تھے، بلکہ ہماری سیٹیں بھی چرائی گئی تھیں۔ ورنہ پچھلی بار ہی ہماری حکومت بن جاتی، لیکن اس بار ہم کوئی بے ایمانی نہیں ہونے دیں گے اور حکومت بنائیں گے۔


تیجسوی یادو نے مزید کہا کہ ’’ہمیں اتنی بڑی بھیڑ اور حمایت کی امید نہیں تھی۔ لوگ دن-رات، دھوپ-بارش کی پرواہ کیے بغیر اس ’بہار ادھیکار یاترا‘ میں شامل ہو رہے ہیں۔ کیونکہ انہیں معلوم ہے کہ موجودہ حکومت ان کے لیے کچھ نہیں کر رہی ہے۔ لوگ تبدیلی کے موڈ میں ہیں، لوگوں کو ہم سے امیدیں ہیں۔‘‘ تیجسوی یادو کے مطابق بہار کے لوگوں کو قلم، کارخانے اور کام کے حق ملنے چاہئیں۔ لوگ چاہتے ہیں کہ بہار میں سرمایہ کاری ہو، کارخانے لگیں، روزگار کے مواقع فراہم ہوں اور ہجرت سے آزادی ملے۔ آر جے ڈی لیڈر نے سوال کیا کہ موجودہ حکومت نے لوگوں کو کیا دیا؟ لوگوں کے گھروں میں گھس کر گولی ماری جا رہی ہے۔ بدعنوان لوگوں کے خلاف کارروائی کرنے کے بجائے حکومت انہیں تحفظ فراہم کر کرہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔