ریل مسافروں کو بڑی راحت، 'نان انٹرلاکنگ' کام ملتوی ہونے کے بعد 74 ٹرینوں کی منسوخی کا فیصلہ واپس

چیف پبلک ریلیشن آفیسر ہمانشو شیکھر نے جانکاری دی ہے کہ پلول میں ہونے والے 'نان انٹرلاکنگ' کام کو اگلے فیصلہ تک ملتوی کر دینے کے بعد سبھی منسوخ ٹرینیں پہلے کے مطابق چلیں گی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

پَلول ریلوے اسٹیشن کو نیو پرتھلا ڈیڈیکیٹڈ فریٹ کوریڈور اسٹیشن کے یارڈ سے جوڑنے کے لیے پلول اسٹیشن پر نان انٹرلاکنگ کام کو فی الحال ملتوی کر دیا گیا ہے۔ اس فیصلہ کے بعد ریل مسافروں نے راحت کی سانس لی ہے کیونکہ گزشتہ دنوں ریل انتظامیہ نے پلول اسٹیشن پر نان انٹرلاکنگ کا کام کرنے کی وجہ سے ٹریفک بلاک کا اعلان کیا تھا۔

ٹریفک بلاک کی وجہ سے پلول سے ہوکر چلنے والی حضرت نظام الدین-رانی کملاپتی وندے بھارت اکسپریس، گتیمان اکسپریس سمیت 74 ٹرینیں ستمبر میں کئی دنوں کے لیے منسوخ کردی گئی تھیں۔ لیکن نان انٹرلاکنگ کا کام ملتوی ہونے کی وجہ سے ان ٹرینوں کی منسوخی کو واپس لے لیا گیا ہے اور اب یہ سبھی ٹرینیں پہلے کے طے شدہ وقت کے مطابق چلیں گی۔


شمالی ریلوے دہلی ڈویژن کے چیف پبلک ریلیشن آفیسر ہمانشو شیکھر نے اس سلسلے میں جانکاری دی کہ پلول میں ہونے والے نان انٹرلاکنگ کام کو اگلے فیصلہ تک ملتوی کر دیا گیا ہے۔ ایسے میں جن ٹرینوں کو پہلے منسوخ کیا گیا یا جن کی آمد و رفت متاثر کی گئی تھی، وہ اب باضابطہ چلیں گی۔ انبالہ-دہلی روٹ کی اَپ-ڈاؤن لائن پر پر منسوخ کی گئی دادر اکسپریس، گیتا جینتی، ہوشیار پور، اکسپریس و گوا سمپرک کرانتی کو طے وقت کے مطابق چلایا جائے گا۔ ساتھ ہی سچ کھنڈ اکسپرس و جھیلم اکسپریس کے وقت میں بھی کوئی تبدیلی نہیں ہوگی۔ ٹرینوں کے باضابطہ چلنے سے مسافروں کو ہونے والی پریشانی سے راحت مل گئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔