لوک سبھا انتخاب سے قبل تمل ناڈو میں لگا بی جے پی کو زوردار جھٹکا

تمل ناڈو بی جے پی صدر انّاملائی کے ذریعہ حال میں ایک عوامی تقریب کے دوران سابق وزیر اعلیٰ سی این انّادُرائی کے خلاف نازیبا تبصرہ کرنے کے بعد اے آئی اے ڈی ایم کے اور بی جے پی میں تلوار کھنچ گئی تھی۔

بی جے پی کا پرچم، تصویر آئی اے این ایس
بی جے پی کا پرچم، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

اگلے سال ہونے والے لوک سبھا انتخاب سے پہلے بی جے پی کو زوردار جھٹکا لگا ہے۔ این ڈی اے میں جنوبی ہند کی سب سے بڑی ساتھی اور تمل ناڈو کی اہم اپوزیشن پارٹی اے آئی اے ڈی ایم کے نے آج بھگوا پارٹی سے اتحاد توڑنے کا اعلان کر دیا۔ اے آئی ڈی ایم کے کے اس فیصلے کے بعد ریاست میں پارٹی کارکنان جگہ جگہ پٹاخے پھوڑ کر جشن منا رہے ہیں۔

اے آئی اے ڈی ایم کے کی آج کی میٹنگ کے بعد ڈپٹی کوآرڈنیٹر کے پی منوسامی نے کہا کہ میٹنگ میں اے آئی اے ڈی ایم کے نے بی جے پی اور این ڈی اے اتحاد سے سارے رشتے توڑنے کا فیصلہ لیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ بی جے پی اور این ڈی اے اتحاد کے سارے رشتے توڑنے کا فیصلہ لیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ بی جے پی کی ریاستی قیادت گزشتہ ایک سال سے لگاتار ہمارے سابق لیڈران، ہمارے جنرل سکریٹری ای پی ایس اور ہمارے کارکنان کے بارے میں غیر ضروری تبصرہ کر رہا ہے۔


اے آئی اے ڈی ایم کے کی ترجمان ششی ریکھا نے کہا کہ اراکین کی رائے کی بنیاد پر ہم یہ فیصلہ لے رہے ہیں۔ یہ اے آئی اے ڈی ایم کے کے لیے سب سے خوشی کا لمحہ ہے۔ ہم آئندہ انتخابات کا سامنا کرنے کے لیے بہت خوش ہیں، چاہے وہ پارلیمانی یا اسمبلی انتخاب ہو۔

دوسری طرف پارٹی لیڈر کووئی ستین نے کہا کہ اتحاد کی حرمت کے لیے ہم نے صورت حال کو جوں کا توں بنائے رکھا۔ باوجود اس کے انّاملائی فساد بھڑکانے والے شخص نکلے۔ انھوں نے ہمارے لیڈروں اور بانیوں پر تبصرہ کرنا شروع کر دیا۔ انھوں نے ہمارے نظریہ کی تنقید شروع کر دی۔ انھوں نے ہماری ریلی کی بھی برائی کی جس میں 15 لاکھ سے زیادہ لوگ آئے تھے۔ جہاں تک تمل ناڈو کا تعلق ہے، یہ بی جے پی ہے جسے اے آئی اے ڈی ایم کے کی ضرورت ہے، نہ کہ اے آئی اے ڈی ایم کے کو بی جے پی کی ضرورت ہے۔


اے آئی اے ڈی ایم کے کے بی جے پی اور این ڈی اے سے اتحاد ختم کرنے پر تمل ناڈو بی جے پی صدر کے انّاملائی نے فی الحال کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا۔ انھوں نے کہا کہ وہ ابھی پدیاترا میں ہیں۔ بعد میں اس پر بولیں گے۔ وہیں بی جے پی لیڈر سی ٹی روی نے کہا کہ انتخاب میں آٹھ مہینے بچے ہیں اور ان مہینوں میں کیا ہوگا، ہم آج کچھ نہیں کہہ سکتے۔ پارٹی کو مضبوط بنانا ہر کارکن کی ذمہ داری ہے۔ کے. انّاملائی کی قیادت میں پارٹی کو مضبوط کرنے کا ایک بڑا کام کیا جا رہا ہے۔

غور طلب ہے کہ گزشتہ کچھ دنوں سے بی جے پی اور اے آئی اے ڈی ایم کے کے رشتے کافی تلخ ہو گئے تھے اور دونوں پارٹیوں میں اتحاد ٹوٹنے کے قیاس لگائے جا رہے تھے۔ اے آئی اے ڈی ایم کے لیڈر اور سابق وزیر ڈی جئے کمار نے کچھ دن پہلے اعلان کیا تھا کہ اے آئی اے ڈی ایم کے بی اب بی جے پی کے ساتھ سبھی رشتے توڑنے جا رہی ہے۔ فی الحال جو ایشو تھا، جس کے سبب رشتہ توڑنا پڑا، وہ تھا بی جے پی کے تمل ناڈو صدر کے. انّاملائی کے ذریعہ ایک عوامی تقریب کے دوران دراوڑ لیڈر اور سابق وزیر اعلیٰ سی این انّادُرائی کے خلاف قابل اعتراض تبصرہ کرنا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔