بھوپال: ٹویشا شرما موت معاملہ پر سپریم کورٹ نے لیا از خود نوٹس، کل ہوگی سماعت
ٹویشا کے خاندان نے الزام عائد کیا ہے کہ ان کے شوہر اور سسرال والوں نے، جن میں ان کی ساس بھی شامل ہیں، تحقیقات کو گمراہ کرنے اور معاملے کو اثر انداز کرنے کی کوشش کی ہے۔

بھوپال کے مشہور ٹویشا شرما موت کے معاملے پر سپریم کورٹ نے از خود نوٹس لیا ہے۔ اب چیف جسٹس سوریہ کانت کی سربراہی میں 3 ججوں کی بنچ پیر (25 مئی) کو سماعت کرے گی۔ ٹویشا کے اہل خانہ نے موت کے لیے بیٹی کے شوہر سمرتھ سنگھ اور سسرال والوں کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔ دوسری جانب، ٹویشا معاملے میں سی بی آئی انکوائری کی سفارش اور دوبارہ پوسٹ مارٹم کی اجازت سے نئے انکشافات کا بھی امکان ہے۔
رپورٹس کے مطابق چیف جسٹس آف انڈیا (سے جے آئی) سوریہ کانت کے علاوہ، اس بنچ میں جسٹس جوئے مالیا باغچی اور جسٹس وپُل ایم پنچولی بھی ہوں گے۔ سپریم کورٹ اس معاملے میں متعلقہ فریقین سے جواب طلب کر سکتی ہے۔ ٹویشا کے خاندان نے الزام عائد کیا ہے کہ ان کے شوہر اور سسرال والوں نے، جن میں ان کی ساس بھی شامل ہیں، تحقیقات کو گمراہ کرنے اور معاملے کو اثر انداز کرنے کی کوشش کی۔ ان کے شوہر سمرتھ سنگھ ایک وکیل ہیں اور ان کی ساس گری بالا سنگھ ایک ریٹائرڈ جج ہیں۔
ٹویشا کے بھائی آشیش شرما نے ہفتے کے روز عدالت کے اندر پیش آنے والے واقعات کے بارے میں بتایا کہ ابتدائی سماعت کے دوران مسلسل عدالتیں تبدیل کی جا رہی تھیں، اور اسی اثنا میں گری بالا سنگھ کو قبل از گرفتاری ضمانت مل گئی۔ خاندان کا الزام ہے کہ اس وقت عدالت کے احاطے کا ماحول بھی غیر معمولی تھا۔ اس دوران انہوں نے پولیس کی تفتیش پر بھی سوالات اٹھائے ہیں۔ آشیش نے پولیس کی ابتدائی کارروائی پر بھی سوالات اٹھائے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ پولیس ملزم کی تلاش کا دعویٰ کرتی رہی، لیکن اسی دوران سمرتھ سنگھ جبل پور عدالت تک پہنچ گیا۔ خاندان کے مطابق اس پورے واقعے نے کئی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
’لائیو لا‘ کے آفیشیل ’ایکس‘ ہینڈل پر کی گئی پوسٹ کے مطابق سپریم کورٹ نے اس معاملے کے کئی سنگین پہلوؤں کا نوٹس لیا ہے۔ ان میں ٹویشا کی سسرال میں ہونے والی غیر طبعی موت، پولیس تفتیش اور طریقہ کار میں مبینہ بے ضابطگیاں، ماتحت عدالت پر ادارہ جاتی جانبداری کے الزامات، اور پولیس و انتظامیہ کے رویے کو لے کر اٹھائے جا رہے سوالات شامل ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ ان تمام نکات کو سنگین نوعیت کا مانتے ہوئے، سپریم کورٹ نے اس معاملے کا از خود نوٹس لیا ہے۔
واضح رہے کہ ٹویشا کی ملاقات بھوپال میں رہنے والے وکیل سمرتھ سنگھ سے ایک ڈیٹنگ ایپ کے ذریعے ہوئی تھی۔ بعد میں یہ جان پہچان ایک رومانوی رشتے میں بدل گئی۔ شادی کے بعد، ٹویشا اپنے شوہر کے ساتھ رہنے کے لیے بھوپال چلی گئیں۔ ٹویشا اور سمرتھ نے دسمبر 2025 میں شادی کی تھی۔ سمرتھ سنگھ پہلے مدھیہ پردیش حکومت کے لیگل ایڈوائزر رہ چکے ہیں، اور ان کی ماں ایک ریٹائرڈ جج ہیں۔ شادی کے بعد، ٹویشا بھوپال کے کٹارا ہلس علاقے میں اپنے سسرال والوں کے گھر رہنے لگی تھیں۔
بھوپال کے کٹارا ہلس علاقے میں 12 مئی کو ٹویشا شرما کی لاش پھندے سے لٹکی ہوئی ملی تھی۔ ٹویشا پہلے ماڈل تھیں اور بعد میں اداکارہ بنیں۔ ان کے خاندان نے سسرال والوں پر جہیز کے لیے ان کی بیٹی کو ہراساں کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ اس کے برعکس، ان کے سسرال والوں کا دعویٰ ہے کہ ٹویشا نشے کی عادی تھیں۔ 33 سالہ ٹویشا نوئیڈا کی رہنے والی تھیں۔ وہ ایم بی اے گریجویٹ، ماڈل، ’مس پونے‘ کی سابق کنٹیسٹنٹ اور یوگا انسٹرکٹر تھیں۔ انہوں نے اداکاری اور مارکیٹنگ کے شعبے میں بھی کام کیا تھا۔
Follow us: WhatsApp, Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
