بھوپال کے شاعر انجم بارہ بنکوی نے لکھی ’رام غزل‘، وزیر اعظم نریندر مودی نے خط لکھ کر ادا کیا شکریہ
’رام غزل‘ کے بارے میں شاعر انجم بارہ بنکوی کہتے ہیں کہ ’’میری زندگی پر رام کا بہت اثر ہے۔ اس لیے رام پر غزل لکھی ہے اور آگے بھی لکھیں گے۔ اگر کسی کو کوئی دقت ہو تو انہیں اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا ہے۔‘‘
ویڈیو گریب
بھوپال کے مشہور شاعر انجم بارہ بنکوی کی ’بھگوان شری رام‘ پر لکھی ’رام غزل‘ وزیر اعظم نریندر مودی کو خوب پسند آئی ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے انجم بارہ بنکوی کو اس تعلق سے خط لکھا ہے اور تعریف کی ہے۔ دراصل بھوپال کے شاعر انجم بارہ بنکوی نے ’بھگوان شری رام‘ پر غزل لکھ کر وزیر اعظم نریندر مودی کو اسپیڈ پوسٹ کے ذریعہ بھیجا تھا۔ وزیر اعظم نریندر مودی کو ایک مسلم شاعر کے ذریعہ ’بھگوان شری رام‘ پر لکھی غزل اتنی پسند آئی کہ انہوں نے اپنی جانب سے شاعر کو ایک خط بھیج دیا۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے خط میں شاعر کی ’بھگوان شری رام‘ کے تئیں جذبات کو قابل تعریف قرار دیا اور لکھا کہ آپ جیسے ہم وطنوں کی جانب سے کی جانے والی کوششیں ملک کو نئی بلندی پر پہنچائیں گی۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے خط میں لکھا ہے کہ ’’اس پیار بھرے خط کے ذریعہ اپنے خیالات میرے ساتھ شیئر کرنے کے لیے آپ کا شکریہ۔ ایودھیا میں پربھو شری رام للا کی پران پرتشٹھا کے ایک سال مکمل ہونے پر ’رام غزل‘ لکھ کر اپنی خوشی کا اظہار کرنے کا بہت بہت شکریہ۔‘‘ وہیں اس ’رام غزل‘ کے بارے میں شاعر انجم بارہ بنکوی کہتے ہیں کہ ’’میری زندگی پر رام کا بہت اثر ہے۔ اس لیے رام پر غزل لکھی ہے اور آگے بھی لکھیں گے۔ اگر کسی کو کوئی دقت ہو تو انہیں اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا ہے۔‘‘ شاعر انجم بارہ بنکوی کے مطابق رام کی شخصیت انہیں بچپن ہی سے متاثر کرتی ہے۔ رام نے بیٹے کی شکل میں، بھائی کی شکل میں، شوہر کی شکل میں یا راجہ کی شکل میں جو معیار قائم کیے ہیں وہ کوئی اور نہیں کر سکتا۔
شاعر انجم بارہ بنکوی کی ’رام غزل‘ اس طرح ہے:
ڈر لگتا ہے مگر پاس ہے دشرتھ نندن
میری ہر سانس کا وشواس ہے دشرتھ نندن
دل کے کاغذ پر کئی بار لکھا ہے میں نے
اک مہکتا ہوا احساس ہے دشرتھ نندن
دوسرے لوگوں کے بارے میں نہیں جانتا ہوں
میرے جیون میں بہت خاص ہے دشرتھ نندن
اور کچھ دن میں سمجھ جائے گی چھوٹی سی دنیا
ہم غریبوں کی بڑی آس ہے دشرتھ نندن
آپ اس طرح سمجھ لیجیے میری اپنی
زندگی کے لیے مدھوماس ہے دشرتھ نندن
یہ جو دولت ہے میرے سامنے مٹی بھی نہیں
میری قسمت کہ مرے پاس ہے دشرتھ نندن
میری یہ بات بھی جو چاہے پرکھ سکتا ہے
سچ کے ہر روپ کا عکاس ہے دشرتھ نندن
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔