بھوپال میونسپل کارپوریشن کے نئے ہیڈکوارٹر پر 50 کروڑ روپے خرچ کئے، مگر میٹنگ ہال بنانا ہی ’بھول‘ گئے

کانگریس کے کونسلر نے سب سے پہلے یہ مسئلہ اٹھایا اور پوچھا کہ اگر کارپوریشن کروڑوں روپئے کی لاگت سے ایک کثیر المنزلہ میونسپل کارپوریشن ہیڈکوارٹر بنا رہا ہے تو پھر اس میں میٹنگ ہال کیوں نہیں ہے؟

<div class="paragraphs"><p>تصویر: سوشل میڈیا</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

مدھیہ پردیش کی راجدھانی بھوپال میں میونسپل کارپوریشن کی منصوبہ بندی اور انجینئرنگ پر سنگین سوال کھڑے ہوگئے ہیں۔ شہر کے سیکنڈ اسٹاپ کے قریب تلسی نگر میں کروڑوں روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والی میونسپل کارپوریشن کی نئی عمارت اب تنازعات میں آگئی ہے کیونکہ اس پوری عمارت میں میٹنگ ہال ہی نہیں ہے۔ اسی میٹنگ ہال میں میونسپل کارپوریشن کے اجلاس ہوتے ہیں جہاں بھوپال شہر کے لیے مختلف منصوبوں اور تجاویز پر کونسل کی مہر لگتی ہے۔

تنازع کھڑا ہونے کے بعد اب میونسپل کارپوریشن نے بھوپال کلکٹر کو خط لکھ کر اس عمارت کے پاس تقریباً 0.25 ایکڑ اراضی کا مطالبہ کیا ہے جہاں میٹنگ ہال بنایا جائے گا۔ دراصل کانگریس کے کونسلر گڈو چوہان نے کونسل کی میٹنگ میں سب سے پہلے یہ مسئلہ اٹھایا اور پوچھا کہ اگر کارپوریشن کروڑوں روپئے کی لاگت سے ایک کثیر المنزلہ میونسپل کارپوریشن ہیڈکوارٹر بنا رہا ہے تو پھر اس میں میٹنگ ہال کیوں نہیں ہے؟


’آج تک‘ سے بات کرتے ہوئے کونسلر گڈو چوہان نے کہا کہ یہ واضح طور پر ان افسران کی غلطی ہے جنہوں نے ڈی پی آر بننے سے لے کر اب پوری عمارت بننے تک اس کی طرف دھیان ہی نہیں کہ میونسپل کارپوریشن ہیڈ کوارٹر میں میٹنگ ہال کی کیا اہمیت ہے۔ انہوں نے کہا کہ افسران اس بات پر تو دھیان دیتے ہیں کہ انہیں نئی گاڑی ملے،ان کے کیبن عالیشان ہوں لیکن وہ یہ نہیں دیکھتے کہ کونسلروں کا فنڈ وقت پر ریلیز ہورہا ہے یا نہیں اور صفائی ملازمین کی تنخواہ وقت پرجارہی ہے یا نہیں۔ گڈو چوہان کے مطابق جب عمارت کی ڈی پی آر تیار کی گئی تھی تب بھی کونسلروں کو اس کی ڈی پی آر نہیں دکھائی گئی۔

اس پورے معاملے پر بھوپال کی میئر مالتی رائے نے ’آج تک‘ سے کہا کہ یہ واضح طور پر میونسپل کارپوریشن کے افسران کی غلطی ہے کہ نئی عمارت میں کونسل ہال نہیں بنایا گیا ۔ میٹنگ ہال کے بغیر میونسپل کارپوریشن نا مکمل ہے کیونکہ کونسل سے ہی میونسپل کارپوریشن چلتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے کلکٹر سے بات کی ہے جس کے بعد پاس میں ہی نئی جگہ الاٹ کرکے نیا میٹنگ ہال تعمیر کیا جائے گا۔


دریں اثنا، بھوپال میونسپل کارپوریشن کے چیئرمین کشن سوریہ ونشی نے کہا کہ نئی عمارت کے ڈیزائن میں میٹنگ ہال شامل ہی نہیں تھا۔ اس وقت یہ طے ہوا تھا کہ باقی سبھی کام اس عمارت سے ہوں گے اور سب کے کیبن بھی اسی عمارت میں ہوں گے لیکن کونسل کی میٹنگ میونسپل کارپوریشن کی آئی ایس بی ٹی والی عمارت میں ہی کی جائے گی۔ حالانکہ اب اعتراضات کے بعد عمارت کے پاس ہی زمین پر نیا میٹنگ ہال بنانے کا کام کیا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔