'بھارت جوڑو یاترا' آج مہاراشٹر میں داخل ہوگی

مہاراشٹر میں بھارت جوڑو یاترا 14 دن تک چلے گی۔ اس دوران یہ 15 اسمبلی اور چھ پارلیمانی حلقوں سے گزرے گی۔ راہل گاندھی 10 اور 18 نومبر کو یہاں دو ریلیوں سے خطاب کریں گے۔

فائل تصویر بشکریہ آئی این سی
فائل تصویر بشکریہ آئی این سی
user

قومی آوازبیورو

راہل گاندھی کی قیادت میں کانگریس کی 'بھارت جوڑو یاترا' 7 نومبر کی رات 9 بجے کے قریب پڑوسی ریاست تلنگانہ سے مہاراشٹر کے ناندیڑ ضلع میں داخل ہوگی۔پارٹی نے یہ جانکاری دی۔ کانگریس کی عوام سے جڑنے کی کوشش کے ایک حصے کے طور پر نکالی جانے والی یہ یاترا مہاراشٹر میں 14 دن تک چلے گی اور 15 اسمبلی اور چھ پارلیمانی حلقوں سے گزرے گی۔ ساتھ ہی راہل گاندھی ریاست میں 10 اور 18 نومبر کو دو ریلیوں سے خطاب کریں گے۔

مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی نے بتایا کہ 7 ستمبر کو تمل ناڈو کے کنیا کماری سے شروع ہونے والی یاترا پیر کو 61ویں دن میں داخل ہو جائے گی۔ کانگریس کے مطابق، تلنگانہ کے کاماریڈی سے یہ یاترا رات تقریباً 9 بجے مہاراشٹر کے ناندیڑ ضلع کے دیگلور میں داخل ہوگی۔ پارٹی نے کہا کہ کانگریس کی ریاستی اکائی نے یاترا کے شرکاء کے لیے دیگلور کے کلامندر میں واقع چھترپتی شیواجی مہاراج کے مجسمے کے قریب استقبالیہ منعقد کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔


بتایا گیا ہے کہ تقریب کے بعد یاترا رات 10:10 بجے دوبارہ شروع ہوگی اور اس دوران شرکاء کے ہاتھوں میں 'اتحاد کی مشعل' ہوگی۔پارٹی نے کہا کہ آدھی رات کے بعد یاترا میں شامل لوگ دیگلور کے گرودوارہ میں حاضری دیں گے اور بعد میں چڈراور مل میں رات آرام کریں گے۔ یاترا 8 نومبر کو صبح 8:30 بجے دوبارہ شروع ہوگی۔

راہل گاندھی مہاراشٹر میں قیام کے دوران ریاست میں دو ریلیوں سے خطاب کریں گے۔ پہلی ریلی 10 نومبر کو ضلع ناندیڑ میں اور دوسری ریلی 18 نومبر کو بلڈھانہ ضلع کے شیگاؤں میں منعقد کی جائے گی۔ یہ یاترا مہاراشٹر کے پانچ اضلاع میں 382 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرنے کے بعد 20 نومبر کو مدھیہ پردیش میں داخل ہوگی۔ مہاراشٹر میں، یاترا ضلع ناندیڑ میں پانچ دن تک رہے گی اور وہاں سے 11 نومبر کو ہنگولی ضلع میں داخل ہوگی اور 15 نومبر کو ضلع واشیم پہنچے گی۔


اتوار کو ناندیڑ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مہاراشٹر کانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے نے کہا کہ یاترا کا مقصد آئین اور جمہوری اقدار کی حفاظت کرنا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ گزشتہ 8 سالوں میں ملک نے بدعنوانی، خوف اور بھوک دیکھی ہے۔ انہوں نے ملک کو درپیش مسائل پر وزیر اعظم نریندر مودی اور راہل گاندھی کے درمیان  سیدھے بحث کا مطالبہ کیا۔ پٹولے نے کہا، 'ہمارا دورہ سیاسی نہیں ہے۔ اس کا مقصد ملک کو درپیش مسائل کو سامنے لانا ہے۔ کئی نامور شخصیات نے ہم سے رابطہ کیا اور کہا کہ وہ یاترا کی حمایت کرتے ہیں، لیکن آگے نہیں آئیں گے۔

نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے سربراہ شرد پوار اور شیوسینا کے صدر ادھو ٹھاکرے کی یاترا میں شرکت کے بارے میں پوچھے جانے پر، انہوں نے کہا کہ کانگریس نے دونوں رہنماؤں کو دعوت نامہ بھیجا ہے اور وہ یاترا میں حصہ لیں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */