بھارت جوڑو یاترا: راہل گاندھی نے حیدرآباد میں چارمینار کے سامنے لہرایا ترنگا

بھارت جوڑو یاترا کے تحت کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے منگل کے روز حیدرآباد کی شناخت چار مینار کے سامنے ترنگا لہرایا

تصویر ٹوئٹر / @INCIndia
تصویر ٹوئٹر / @INCIndia
user

قومی آوازبیورو

حیدرآباد: بھارت جوڑو یاترا کے تحت کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے منگل کے روز حیدرآباد کی شناخت چار مینار کے سامنے ترنگا لہرایا۔ پارٹی لیڈران اور سینکڑوں کارکنان اور حامیوں کے ہمراہ راہل گاندھی نے اپنے آنجہانی والد اور سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کو خراج عقیدت پیش کیا اور قومی پرچم لہرایا۔ خیال رہے کہ 32 سال قبل 19 اکتوبر 1990 کو راجیو گاندھی نے اسی جگہ سے ’سدبھاؤنا یاترا‘ شروع کی تھی۔ اسی یاترا کی یاد میں یہ تقریب منعقد کی گئی تھی۔

اس موقع پر کانگریس جنرل سکریٹری جے رام رمیش، پارٹی کے سینئر لیڈر دگوجے سنگھ اور تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ریونت ریڈی بھی موجود تھے۔ راہل گاندھی بھارت جوڑو کے نعروں اور سڑک کے کنارے کھڑے ہجوم کے درمیان چارمینار پہنچے۔اس دوران چارمینار جانے والی سڑکوں پر پارٹی پرچم کے ساتھ کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ اس موقع پر راہل گاندھی نے اسٹیج پر اپنے والد راجیو گاندھی کو پھول چڑھا کر خراج عقیدت پیش کیا۔


رپورٹ کے مطابق جس وقت راہل گاندھی اپنے مرحوم والد کی تصویر پر گلہائے عقیدت پیش کر رہے تھے تو کانگریس کے سینکڑوں کارکنان پارٹی لیڈر کے استقبال کے لیے چارمینار کے گرد جمع ہو گئے اور 'جوڈو جوڑو، بھارت جوڑو' اور 'راجیو گاندھی امر رہیں' کے نعرے لگائے۔

اس موقع پر کانگریس لیڈر جے رام رمیش نے کہا کہ کانگریس ہر سال اس دن یہاں ترنگا لہراتی ہے، تاہم اس بار 19 اکتوبر کو یہاں ترنگا نہیں لہرایا جا سکتا تھا، اس لئے اب یہ کام کیا جا رہا ہے۔ راہل گاندھی جیسے ہی لاڈ بازار روڈ سے یادگاری پر پہنچے، وہاں کچھ لمحات کے لئے ٹھہر کر عمارت کا نظاہرہ دیکھنے لگے اور پیش قدمی کرنے سے قبل اس کی خوبصورتی کو اپنے کیمرے میں قید کیا۔


چارمینار میں تقریب کے بعد یہ یاترا تاریخی پتھر گٹی بازار تک پہنچی۔ راہول گاندھی نے سڑک کے دونوں طرف کھڑے لوگوں کا ہاتھ ہلا کر استقبال کیا۔ کچھ مصروف علاقوں سے گزرنے کے بعد بھارت جوڑو یاترا حسین ساگر جھیل کے کنارے نیکلس روڈ پر پہنچی جو جڑواں شہروں حیدرآباد اور سکندرآباد کو تقسیم کرتی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ ’بھارت جوڑو‘ کا سفر منگل کو شمس آباد کے مٹھ مندر سے شروع ہوا اور دوپہر کے وقت بدر پورہ میں لیگیسی پیلس کے پاس ٹھہر گیا۔ رات میں یاترا بوون پلی کے گاندھی نظریاتی مرکز پر قیام کرے گی۔ راہل گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا ریاست کی 19 اسمبلی سیٹوں اور 7 پارلیمانی حلقوں میں کل 375 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */