بھارت جوڑو یاترا: راہل گاندھی نے پلوامہ میں شہیدوں کو کیا سلام، یاترا میں پی ڈی پی سربراہ محبوبہ مفتی نے کی شرکت

جموں و کشمیر میں بھارت جوڑو یاترا آج دوبارہ شروع ہوئی۔ راہل گاندھی نے اونتی پورہ سے پارٹی کی بھارت جوڑو یاترا کا آغاز کیا۔ آج پی ڈی پی سربراہ محبوبہ مفتی نے بھی یاترا میں شرکت کی

<div class="paragraphs"><p>بھارت جوڑو یاترا</p></div>

بھارت جوڑو یاترا

user

قومی آوازبیورو

سری نگر: جموں و کشمیر میں بھارت جوڑو یاترا آج دوبارہ شروع ہوئی۔ کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے اونتی پورہ سے پارٹی کی بھارت جوڑو یاترا کا آغاز کیا۔ آج پی ڈی پی سربراہ محبوبہ مفتی نے بھی یاترا میں شرکت کی۔ یاترا کے دوران راہل گاندھی نے اس مقام پر شہیدوں کو خراج تحسین پیش کیا جہاں پر دہشت گرد حملہ ہوا تھا۔

کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے ہفتہ کی صبح جموں و کشمیر کے پلوامہ ضلع کے اونتی پورہ سے اپنی 'بھارت جوڑو یاترا' دوبارہ شروع کی۔ ایک دن پہلے پارٹی کی جانب سے سیکورٹی میں کوتاہی کے الزام کے بعد یاترا کو اننت ناگ ضلع میں عارضی طور پر روک دیا گیا تھا۔ کانگریس نے جمعہ کو الزام لگایا تھا کہ مرکز کے زیر انتظام علاقے میں پولیس کی طرف سے کئے گئے حفاظتی انتظامات مکمل طور پر ناکام رہے ہیں۔

ان الزامات پر جموں و کشمیر انتظامیہ نے کہا تھا کہ توقع سے زیادہ لوگوں کے جمع ہونے کی وجہ سے سیکورٹی وسائل پر دباؤ بڑھ گیا ہے اور ایسا محسوس ہوا کہ راہل گاندھی کی یاترا کے لیے مناسب حفاظتی انتظامات نہیں کیے گئے تھے۔


دریں اثنا پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی سربراہ محبوبہ مفتی اور ان کی بیٹی التجا مفتی کو ہفتہ کو اونتی پورہ میں 'بھارت جوڑو یاترا' کے دوران راہل کے ساتھ قدم قدم پر چلتے ہوئے دیکھا گیا۔ یاترا میں محبوبہ مفتی کی پارٹی کے کارکنوں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔

کشمیر میں راہل کے ساتھ ان کی بہن اور کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی بھی یاترا میں حصہ لے سکتی ہیں۔ یاترا کے لیے سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ سیکورٹی فورسز نے یاترا کے آغاز کی طرف جانے والی تمام سڑکوں کو سیل کر دیا تھا۔ صرف مجاز گاڑیوں اور صحافیوں کو پنڈال تک پہنچنے کی اجازت دی گئی۔ راہل کے چاروں طرف تین سطحی حفاظتی حصار قائم کیا گیا تھا۔

جنوبی کشمیر کے ضلع چورسو میں پرجوش حامیوں نے 'بھارت جوڑو یاترا' کا خیر مقدم کیا۔ کانگریس کے کارکنوں اور حامیوں کی بڑی تعداد ترنگا اور پارٹی پرچم لے کر راہول کا استقبال کرنے کے لیے جمع ہوئی۔ راہل کو جمعہ کو قاضی گنڈ علاقے کا دورہ اس وقت روکنا پڑا جب سیکورٹی فورسز بانہال سرنگ کے اس طرف جمع ہونے والے بھاری بھیڑ کو منظم کرنے میں ناکام رہی۔ اسی سرنگ کے ذریعے یاترا وادی کشمیر میں داخل ہوئی۔

اس کے بعد راہل مشکل سے 500 میٹر بھی نہیں چل پائے۔ راہل کے سیکورٹی اہلکاروں نے انہیں یاترا روکنے کے لیے کہا کیونکہ پولیس اہلکار بھاری بھیڑ کو سنبھالنے کے لیے موجود نہیں تھے۔ اس کے بعد راہل کار سے اننت ناگ ضلع کے خانہ بل پہنچے، جہاں انہوں نے رات آرام کیا۔


یاترا کو پانپور کے گالندر علاقے میں برلا اسکول کے قریب کچھ دیر رکنے کے بعد دن کے وقت سری نگر کے مضافات میں واقع پنتھا چوک پہنچنا ہے۔ پنتھا چوک پر رات کے قیام کے بعد 'بھارت جوڑو یاترا' اتوار کی صبح آگے بڑھے گی اور شہر کے بلیوارڈ روڈ پر واقع نہرو پارک کے قریب ختم ہوگی۔ راہل پیر کو ایم اے روڈ پر واقع کانگریس ہیڈکوارٹر میں ترنگا لہرائیں گے، اس کے بعد ایس کے اسٹیڈیم میں جلسہ عام ہوگا۔ اس جلسہ عام میں 23 اپوزیشن جماعتوں کے لیڈروں کو مدعو کیا گیا ہے۔'بھارت جوڑو یاترا' گزشتہ سال 7 ستمبر کو تمل ناڈو کے کنیا کماری سے شروع ہوئی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔