بھجن لال شرما ہوں گے راجستھان کے نئے وزیر اعلیٰ، قانون ساز پارٹی کے اجلاس میں فیصلے کو منظوری

کئی دنوں کی کشمکش کے بعد آخرکار بی جے پی ہائی کمان نے راجستھان کے وزیر اعلیٰ پر فیصلہ کر دیا ہے۔ بھجن لال شرما ریاست کے نئے سی ایم ہوں گے۔ قانون ساز پارٹی کے اجلاس کے دوران اس فیصلے کو منظوری دی گئی

<div class="paragraphs"><p>بھجن لال شرما / سوشل میڈیا</p></div>

بھجن لال شرما / سوشل میڈیا

user

قومی آوازبیورو

جے پور: کئی دنوں کی کشمکش کے بعد آخرکار بی جے پی ہائی کمان نے راجستھان کے وزیر اعلیٰ پر فیصلہ کر دیا ہے۔ بھجن لال شرما ریاست کے نئے سی ایم ہوں گے۔ قانون ساز پارٹی کے اجلاس کے دوران اس فیصلے کو منظوری دی گئی۔ بھرت پور کے رہنے والے بھجن لال شرما کافی عرصے سے تنظیم میں کام کر رہے ہیں۔

بی جے پی نے انہیں جے پور کے سنگانیر سیٹ سے الیکشن لڑوایا اور وہ پہلی بار میں ہی وزیر اعلیٰ کی کرسی تک جا پہنچے۔ موجودہ ایم ایل اے اشوک لاہوتی کا ٹکٹ کاٹ کر بھجن لال شرما کو امیدوار بنایا گیا تھا۔ بھجن لال شرما پہلی بار ایم ایل اے بنے ہیں، تاہم وہ 4 مرتبہ ریاستی جنرل سکریٹری رہ چکے ہیں اور آر ایس ایس اور اے بی وی پی سے وابستہ رہے ہیں۔


بی جے پی ہائی کمان نے مرکزی وزراء راجناتھ سنگھ، ونود تاوڑے اور سروج پانڈے کو راجستھان کا مبصر بنایا تھا۔ آج دوپہر تینوں لیڈر جے پور پہنچے اور ایم ایل اے کے ساتھ میٹنگ کی۔ وہیں، مرکزی وزیر راج ناتھ سنگھ نے وسندھرا راجے سے ون ٹو ون ملاقات کی۔ دوسری طرف بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا نے بھی راج ناتھ سنگھ سے فون پر بات کی۔

خیال رہے کہ راجستھان اسمبلی انتخابات جیتنے کے بعد بی جے پی کے سامنے سب سے بڑا چیلنج یہ تھا کہ کسے وزیر اعلیٰ منتخب کیا جائے۔ اس دوڑ میں کئی نام شامل تھے اور سب سے پہلا نام وسندھرا راجے کا تھا۔ وہ پہلے بھی راجستھان کی کمان سنبھال چکی ہیں۔ اس کے علاوہ راجستھان میں ہندوتوا کے پوسٹر بوائے بابا بالک ناتھ کا نام بھی زیر بحث آیا۔ اس کے علاوہ اس دوڑ میں گجیندر شیکھاوت، سی پی جوشی، دیا کماری اور راجیہ وردھن راٹھور جیسے نام بھی شامل تھے۔


قابل ذکر ہے کہ جس طرح سے بی جے پی ہائی کمان نے ایم پی اور چھتیس گڑھ میں فیصلہ لے کر سب کو حیران کر دیا تھا، اسے دیکھ کر راجستھان میں بی جے پی کے تمام 115 ایم ایل اے کو یہ امید تھی کہ ان کے نام بھی سیل بند لفافے میں شامل ہو سکتا ہے اور ہوا بھی کچھ ایسا ہی۔

چھتیس گڑھ اور ایم پی کی طرح بی جے پی نے راجستھان میں بھی سی ایم چہرے کے بغیر الیکشن لڑا تھا اور جیت حاصل کی۔ بی جے پی والے اسے وزیر اعظم مودی کی جیت قرار دے رہے ہیں۔ راجستھان میں 200 میں سے 199 سیٹوں پر ووٹنگ میں بی جے پی نے شاندار جیت حاصل کی ہے۔ پارٹی نے 115 سیٹیں جیتی ہیں، جبکہ کانگریس نے 69 سیٹیں جیتیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔