بھگونت مان وزیر اعلیٰ پنجاب کے طور پر آج حلف اٹھائیں گے، شہید بھگت سنگھ کا گاؤں تقریب کے لئے تیار

حلف برداری کے لئے تقریباً 150 ایکڑ اراضی پر کھڑی فصلوں کو کاٹ کر زمین کو ہموار کیا گیا ہے۔ جس پر مخالف جماعتوں نے سخت اعتراض کیا ہے۔ تاہم عام آدمی پارٹی نے کہا ہے کہ حکومت اس کی تلافی کرے گی

تصویر بشکریہ ٹوئٹر
تصویر بشکریہ ٹوئٹر
user

قومی آوازبیورو

چنڈی گڑھ: عام آدمی پارٹی کے بھگونت مان آج پنجاب کے وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف اٹھانے جا رہے ہیں، مان پنجاب کے 17ویں وزیر اعلیٰ ہوں گے۔ عام آدمی پارٹی نے تقریب حلف برداری میں پورے پنجاب کو مدعو کیا ہے۔ حلف برداری کی تقریب نواں شہر ضلع کے عظیم مجاہد آزادی بھگت سنگھ کے آبائی گاؤں کھٹکر کلاں میں منعقد ہو رہی ہے، جہاں تمام تر تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ حلف برداری کی تقریب 12.30 بجے ہوگی۔

حلف برداری تقریب کے لئے کھٹکڑ کلاں میں تقریباً 150 ایکڑ اراضی پر کھڑی فصلوں کو کاٹ کر زمین کو ہموار کیا گیا ہے۔ جس پر مخالف جماعتوں نے سخت اعتراض کیا ہے۔ تاہم عام آدمی پارٹی نے کہا ہے کہ حکومت اس کی تلافی کرے گی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق مان کے ساتھ 16 ارکان اسمبلی بھی وزیر کے طور پر حلف اٹھا سکتے ہیں۔


بھگونت مان نے حلف برداری کی تقریب میں ریاست کے تمام لوگوں کو مدعو کیا ہے۔ مان نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ بڑی تعداد میں تقریب میں شرکت کریں اور اس دن مرد سے خصوصی طور پر 'بسنتی' یعنی پیلے رنگ کی پگڑی اور خواتین پیلے رنگ کے دوپٹہ پہن کر آئیں۔ مان نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ ایسا پنجاب تعمیر کریں، جس کا خواب بھگت سنگھ نے دیکھا تھا۔

حلف برداری تقریب میں عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اور دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال، نائب وزیر اعلی منیش سسودیا، راجیہ سبھا کے رکن سنجے سنگھ، عآپ کے پنجاب انچارج راگھو چڈھا کے علاوہ دیگر اہم لیڈران برداری تقریب میں شرکت کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ سابق وزیر اعلی چرنجیت سنگھ چنی، کیپٹن امریندر سنگھ، پنجاب کانگریس کے سربراہ نوجوت سنگھ سدھو، کامیڈین کپل شرما، راجو سریواستو، مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی، اڈیشہ کے وزیر اعلی نوین پٹنائک وغیرہ کو بھی دعوت نامے بھیجے گئے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔