بنگلورو: کلینیکل ٹرائل کے دوران ایک شخص کی موت، پولیس تحقیقات شروع
متوفی کے بھائی کا الزام ہے کہ یہ موت میڈیکل ٹیسٹ میں دیے گئے ادویات کی سائیڈ ایفیکٹس کی وجہ سے ہوئی ہے۔ ٹرائل میں شامل ہونے سے قبل ناگیش کو صحت سے متعلق کسی بھی قسم کا کوئی مسئلہ نہیں تھا۔
موت علامتی تصویر/ سوشل میڈیا
بنگلورو میں کلینیکل ٹرائل کے دوران ایک شخص کی موت ہوگئی۔ یہ کلینیکل ٹرائل ’سنجین انٹرنیشنل‘ کے ذریعہ کرایا گیا تھا۔ ٹرائل میں مرنے والے شخص کی پہچان ناگیش ویرنّا کے طور پر ہوئی ہے۔ متوفی کے بھائی کا الزام ہے کہ یہ موت میڈیکل ٹیسٹ میں دیے گئے ادویات کی سائیڈ ایفیکٹس کی وجہ سے ہوئی ہے۔ متوفی ناگیش کے بھائی ریونا سِدپّا کے مطابق ٹرائل میں شامل ہونے سے قبل ناگیش کو کسی بھی قسم کی صحت کا کوئی مسئلہ نہیں تھا۔ گزشتہ سال دسمبر میں ناگیش کو ایک پرائیویٹ اسپتال کے آئی سی یو میں داخل کیا گیا تھا جب ان کی طبیعت بہت زیادہ خراب ہوئی تھی۔ ساتھ ہی متوفی کے بھائی نے یہ بھی الزام عائد کیا ہے کہ اس وقت کمپنی نے انہیں اسپتال لے جانے کے لیے رابطہ کیا تھا۔
متوفی کے بھائی کے مطابق ناگیش کو ٹیسٹ کے بعد دوائیاں لینے سے شدید پیٹ درد ہوا تھا جس میں ٹیبلیٹس اور انجیکشن شامل تھے۔ منگل (21 جنوری) کی رات کو دونوں بھائیوں نے ساتھ میں کھانا کھایا اور سونے چلے گئے۔ بدھ (22 جنوری) کی صبح جب ریونا سِدپّا نے ناگیش کو جگانے کی کوشش کی تو پتہ چلا کہ وہ پہلے سے ہی بیہوش ہے۔ متوفی کے بھائی نے فوراً ’آر اینڈ ڈی فرم‘ کے ڈاکٹر سے رابطہ کیا جنہوں نے ناگیش کو اسی اسپتال میں لے جانے کی صلاح دی جہاں ان کا پہلے علاج ہوا تھا۔ اسپتال پہنچنے پر ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔
قابل ذکر ہے کہ جلاہلی پولیس نے اس معاملے کو فی الحال ’غیر فطری موت‘ کے طور پر درج کیا ہے اور واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی ہے۔ وہیں ’سنجین انٹرنیشنل‘ نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے سوگوار اہل خانہ کے تئیں اظہار تعزیت کیا اور کہا کہ ’’ہمارے ذریعہ کیے گئے فارماکوکینیٹکس اسٹڈی میں حصہ لینے والے شخص کی اچانک موت ہو گئی ہے۔ ہم سبھی کلینیکل ٹرائل پروٹوکول پر عمل کر رہے ہیں اور واقعہ کے متعلق افسران کو رپورٹ کر دیا ہے۔ ہم اہل خانہ اور تحقیقات کر رہے افسران کو مکمل تعاون دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔